ماسکو(وائس آف رشیا) روسی حکومت نے 2026 کے وفاقی بجٹ اور 2027-2028 کی منصوبہ بندی کے لیے مسودہ بجٹ غور کے لیے اسٹیٹ ڈوما (پارلیمان کا ایوانِ زیریں) میں جمع کرا دیا ہے۔ کابینہ کے مطابق بجٹ میں بنیادی توجہ شہریوں سے متعلق تمام سماجی ذمہ داریوں کی تکمیل، دفاع و سلامتی کی ضروریات، خصوصی فوجی آپریشن میں شریک اہلکاروں کے خاندانوں کی مالی معاونت اور 2030 تک صدر کے طے کردہ قومی اہداف کے حصول پر دی گئی ہے۔
دستاویز میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ روسی معیشت 2026 میں 1.3 فیصد اور تین سالوں میں مجموعی طور پر تقریباً 7 فیصد ترقی کرے گی، جس کے نتیجے میں ملک کی جی ڈی پی 276 ٹریلین روبل (3.3 ٹریلین ڈالر) تک پہنچ جائے گی۔
بجٹ کے مطابق آمدن 2026 میں 40.3 ٹریلین روبل، 2027 میں 42.9 ٹریلین روبل اور 2028 میں 45.9 ٹریلین روبل تک ہوگی۔ اخراجات کا تخمینہ 2026 میں 44.1 ٹریلین، 2027 میں 46 ٹریلین اور 2028 میں 49.4 ٹریلین روبل لگایا گیا ہے۔









