یوکرین تنازع پر لاوروف اور روبیو کی نیویارک میں اہم ملاقات

نیویارک (وائس آف رشیا) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بدھ کے روز ایک گھنٹے طویل بند کمرہ ملاقات کی۔ گفتگو کا محور یوکرین تنازع اور دو طرفہ تعلقات رہا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق، سیکریٹری روبیو نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ موقف دہرایا کہ “جنگ بند ہونی چاہیے” اور ماسکو کو پائیدار حل کی جانب عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ روسی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقین نے وزارتی سطح پر مذاکرات جاری رکھنے اور الاسکا سمٹ کے دوران طے پانے والی پیش رفت کو تعلقات کی بہتری کے لیے استعمال کرنے پر اتفاق کیا۔

بیان کے مطابق، لاوروف نے یوکرین تنازع کے بنیادی اسباب کو حل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ماسکو امریکہ کے ساتھ تعاون پر تیار ہے۔ تاہم انہوں نے کیف اور بعض یورپی ممالک کی جانب سے تنازع کو طول دینے کی “ناقابل قبول کوششوں” پر شدید تنقید کی۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب صدر ٹرمپ نے حال ہی میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کے بعد روس پر تنقید کرتے ہوئے ماسکو کو “پیپر ٹائیگر” قرار دیا، جس پر کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے جواب دیا کہ “روس کاغذی شیر نہیں بلکہ حقیقی ریچھ ہے۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں