روس اور بیلاروس کی مشترکہ ’’زاپاد 2025‘‘ فوجی مشقیں اختتام پذیر

ماسکو(شاہد گھمن سے) روس اور بیلاروس کی مشترکہ اسٹریٹجک فوجی مشقیں “زاپاد 2025” 12 سے 16 ستمبر تک جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوگئی ہیں۔ روسی وزارتِ دفاع کے مطابق، ان مشقوں میں شریک روسی فوجی یونٹس اور اتحادی افواج اب اپنی مستقل تعیناتی والے مقامات پر واپس جا رہی ہیں۔

وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ مشقوں میں ڈرونز، زمینی روبوٹک سسٹمز اور الیکٹرانک وارفیئر آلات کے بڑے پیمانے پر استعمال کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، گاڑیوں، بگیز اور آل ٹیرین وہیکلز کے ذریعے حملہ آور آپریشنز کی مشق، دشمن کے ڈرونز کو ناکام بنانے کے طریقے، فضائی دفاعی نظام، جدید کاؤنٹر بیٹری سسٹمز اور ہائی پریسجن اسلحے کے استعمال کا عملی مظاہرہ بھی شامل تھا۔ ان تمام سرگرمیوں میں یوکرین میں جاری خصوصی فوجی آپریشن کے تجربات کو مدنظر رکھا گیا۔

بیان کے مطابق، 55 ممالک کے 100 سے زائد فوجی و سفارتی نمائندوں اور غیر ملکی مہمانوں نے روس کے مولینو ٹریننگ گراؤنڈ پر مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر 25 غیر ملکی وفود موجود تھے، جن میں 16 ممالک کے نمائندے اور 6 ممالک کے فوجی دستے براہِ راست شریک ہوئے۔

یہ مشقیں روس اور بیلاروس کے 41 تربیتی میدانوں کے ساتھ ساتھ بحیرہ بالٹک اور بحیرہ بیرینٹس میں بھی منعقد ہوئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں