ماسکو (وائس آف رشیا) صدر ولادیمیر پوتن نے نِژنی نووگورود ریجن کے مولینو ٹریننگ گراؤنڈ کا دورہ کیا جہاں جدید اسلحہ اور فوجی سازوسامان کی نمائش کا انعقاد کیا گیا مولینو ٹریننگ گراؤنڈ میں ہونے والی اس نمائش میں روس کے پینسٹھ اداروں نے حصہ لیا اور مجموعی طور پر چار سو پانچ مصنوعات پیش کیں۔ ان میں سے ایک سو پچیس مصنوعات اسپیشل ملٹری آپریشن کے علاقے میں پہلے ہی استعمال ہو رہی ہیں، ایک سو چورانوے جنگی حالات میں ٹیسٹ کے مراحل سے گزر رہی ہیں جبکہ چھاسی پروٹوٹائپ کی حیثیت رکھتی ہیں۔

نمائش میں روس کے بڑے دفاعی اداروں بشمول کلاشنکوف، ٹیکنوڈائنامیکا، ایروسکین (زالا)، آرسنل اور ماسکو حکومت کے اداروں نے اپنے تیار کردہ جدید ہتھیار اور آلات پیش کیے۔

یہ نمائش چار حصوں پر مشتمل تھی۔ پہلے حصے میں کمانڈ اینڈ اسٹاف گاڑیاں، بگز، موٹر سائیکلیں اور اے ٹی ویز شامل تھیں۔ دوسرے حصے میں ڈرون شکن نظام، ریڈار اسٹیشنز اور ایف پی وی ایئر ڈیفنس ماڈلز رکھے گئے۔ تیسرے حصے میں موبائل فائرنگ گروپس اور ایئر سرویلنس پوسٹس کے لیے ہتھیار، ٹرک اور جدید آلات نمائش کا حصہ تھے۔ جبکہ چوتھے حصے میں چھوٹے ہتھیار اور ٹریننگ کے دوران تیار کردہ سازوسامان پیش کیا گیا۔

صدر پوتن نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور ماہرین سے ان جدید ہتھیاروں کی کارکردگی اور میدانِ جنگ میں ان کے عملی استعمال پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔















