امریکی کانگریس ٹرمپ کی منظوری کے بغیر روس پر پابندیاں نہیں لگا سکتی، اسپیکر جانسن

واشنگٹن (وائس آف رشیا) امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری کے بغیر کانگریس روس کے تجارتی شراکت داروں پر ثانوی پابندیاں نہیں لگا سکتی۔

امریکی ٹی وی “سی بی ایس” کو انٹرویو میں جانسن نے واضح کیا کہ سینیٹر لِنڈسی گراہم کی جانب سے روس کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک پر 500 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی تجویز کانگریس اکیلے منظور نہیں کر سکتی۔ ان کے مطابق ’’یہ صدر کے ساتھ شراکت داری کا معاملہ ہے کیونکہ آخرکار قانون پر دستخط کمانڈر اِن چیف کو ہی کرنے ہوتے ہیں۔‘‘

دوسری جانب صدر ٹرمپ بارہا مطالبہ کر چکے ہیں کہ نیٹو ممالک روسی خام تیل کی خریداری بند کریں۔ انہوں نے ہفتے کو 50 سے 100 فیصد تک چین پر ٹیرف عائد کرنے کی تجویز بھی پیش کی تاکہ ماسکو پر دباؤ ڈالا جا سکے۔ اس کے علاوہ یورپی یونین سے کہا کہ وہ چین اور بھارت پر بھی سخت تجارتی پابندیاں لگائیں۔

ٹرمپ پہلے ہی بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر چکے ہیں، تاہم نئی دہلی کا موقف ہے کہ روسی تیل کی درآمد اس کی توانائی کی سلامتی اور خودمختاری کا مسئلہ ہے۔

ادھر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے بیجنگ میں حالیہ بیان میں خبردار کیا کہ چین اور بھارت کے ساتھ ’’نوآبادیاتی رویے‘‘ میں بات کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کی ایسی کوششیں ناکام ہوں گی اور ان شراکت دار ممالک کو سزا دینے کی پالیسی الٹی پڑے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں