صدر پوتن کی جانب سے ماسکو کے یومِ تاسیس پر مبارکباد

878ویں سالگرہ کے موقع پر دارالحکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور قومی کردار کو اجاگر کیا

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ماسکو کے شہریوں کو دارالحکومت کی 878ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ وہ اس موقع پر کانسرٹ ہال “زریادیے” میں منعقدہ مرکزی تقریب میں شریک ہوئے اور اپنے خطاب میں ماسکو کو روس کی تاریخی تقدیر اور تہذیبی مشن کا مظہر قرار دیا۔

صدرپوتن نے کہا کہ ماسکو نہ صرف ایک عظیم تاریخ رکھتا ہے بلکہ آج یہ پورے روس کے پُراعتماد اور مسلسل ترقی کی علامت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماسکو دنیا کی بڑی شہری معیشتوں میں دوسرے نمبر پر ہے اور آئندہ عشروں کی کامیابیوں کی مضبوط بنیاد رکھ رہا ہے۔

انہوں نے ماسکو میں حال ہی میں قائم ہونے والے نیشنل اسپیس سینٹر کو روسی خلائی پروگرام کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ سائنس، تعلیم اور پیداوار کو ایک پلیٹ فارم پر جوڑتا ہے۔ پوتن نے مزید کہا کہ ماسکو جدید ٹیکنالوجیز کے فوری نفاذ میں سبقت لے جا رہا ہے، جس میں بے پائلٹ ٹرانسپورٹ، ڈیجیٹل اور میڈیکل ٹیکنالوجیز، آئی ٹی سیکٹر کی تیز رفتار ترقی اور نئی تعلیمی سہولتیں شامل ہیں۔

اپنے خطاب میں صدر نے ماسکو میٹرو کی توسیع، نئی لائنوں اور اسٹیشنوں کی تعمیر، جدید اسکولوں اور ہسپتالوں کی سہولتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت میں نوجوان نسل کے لیے ایک نئی تعلیمی اور تحقیقی فضا قائم ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماسکو کی تخلیقی صنعتیں، ثقافتی منصوبے، سنیما اور فنونِ لطیفہ کے نئے مراکز پورے ملک کے لیے ایک مثال ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یاد دلایا کہ دارالحکومت کے ہزاروں شہری فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ سینکڑوں ادارے محاذ کے لیے ضروری مصنوعات فراہم کر رہے ہیں۔

صدر پوتن نے ماسکو کے عوام کو ان کی قربانیوں، حب الوطنی اور ترقی کے جذبے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:
“مجھے یقین ہے کہ ماسکو نئے سنگ میل عبور کرے گا اور روس کے ایک مضبوط اور خودمختار مستقبل کی ضمانت بنے گا۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں