یوکرینی اسپیشل فورسز کا روسی ریسکیو شپ پر ڈرون حملہ

ماسکو/کیف(وائس آف رشیا) یوکرین کی فوجی انٹیلی جنس سروس (GUR) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے اسپیشل فورسز نے بلیک سی فلیٹ کے تحت آنے والے ایک روسی بحری جہاز کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا۔ یہ جہاز “MPSV07 پروجیکٹ” کے تحت بنایا گیا تھا جو سرچ اینڈ ریسکیو مشنز، آگ بجھانے اور ہنگامی صورتحال میں امداد فراہم کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

یوکرینی حکام کے مطابق یہ حملہ روسی بندرگاہ نووروسیسک کے قریب بلیک سی کے مشرقی حصے میں کیا گیا۔ نشانہ بننے والا جہاز “ریسکیوئر ایلیِن” 2023 میں سروس میں شامل ہوا تھا اور ماضی میں بھی یوکرین کے حملوں کے بعد امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتا رہا ہے۔

روسی کمپنی نیوسکی شپ یارڈ کے مطابق اس نوعیت کے جہاز نہ صرف سمندری حادثات میں امداد کے لیے تیار کیے گئے ہیں بلکہ یہ ایک کلومیٹر گہرائی تک زیرِ آب تنصیبات کا معائنہ بھی کر سکتے ہیں۔

یوکرینی بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ جہاز اس وقت ریڈیو الیکٹرانک نگرانی اور پیٹرولنگ مشن پر تھا۔ حملے کے نتیجے میں اس کے نیویگیشن آلات متاثر ہوئے اور وہ “کام سے باہر” ہوگیا۔ یوکرینی فوج نے واقعے کی ایک ویڈیو بھی جاری کی تاہم تسلیم کیا کہ جہاز مکمل طور پر تباہ نہیں ہوا۔

روس نے باضابطہ طور پر اس حملے پر کوئی ردعمل نہیں دیا، تاہم بعض روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق جہاز کو ہلکا نقصان پہنچا ہے اور اس کے کپتان زخمی ہوئے ہیں، لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں یوکرینی ڈرون حملوں میں تیزی آئی ہے جو روسی شہروں اور بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ماسکو کا موقف ہے کہ اس کے جوابی فضائی حملے صرف فوجی اہداف پر ہوتے ہیں اور عام شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں