بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر پوتن کی گرمجوش اور تعمیری ملاقات

بیجنگ/اسلام آباد (وائس آف رشیا) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان 2 ستمبر 2025 کو بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس کے موقع پر اہم ملاقات ہوئی، جسے دونوں رہنماؤں نے نہایت گرمجوش اور تعمیری قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ “ہم نے آستانہ (2024) میں ہونے والی اپنی آخری ملاقات کو یاد کیا اور اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ دوطرفہ تعلقات مثبت سمت میں بڑھ رہے ہیں۔” انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان روس کے ساتھ تجارت، توانائی، کنیکٹیویٹی، زراعت، مصنوعی ذہانت (AI)، دفاع، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط کو مزید گہرا کرنا چاہتا ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے پاکستان کو ایشیا کا ایک اہم اور روایتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ حالیہ برسوں میں دوطرفہ تجارت میں معمولی کمی آئی ہے، تاہم تعلقات کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہمدردی اور تعاون کا یقین دلایا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے روس سے تیل درآمد کیا جس سے دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مجوزہ ٹرانسپورٹ کوریڈور کو خطے کی ترقی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے روس کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے صدر پوتن کو “فیصلہ کن رہنما” قرار دیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں خوشحالی اور امن کے لیے روس کے ساتھ شراکت داری کا خواہاں ہے۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور روس کو شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون بڑھانا چاہیے۔

اس موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو نومبر میں ماسکو میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے اعظم اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی، جس پر وزیراعظم نے شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں