شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس: نیا ترقیاتی بینک، عالمی حکمرانی کا تصور اور تائین جن اعلامیہ

تیانجن (وائس آف رشیا) تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس کئی اہم پیش رفتوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اجلاس میں چین کے صدر شی جن پنگ نے عالمی حکمرانی کے نئے تصور اور ایس سی او کے ترقیاتی بینک کے قیام کا اعلان کیا جبکہ رکن ممالک نے متفقہ طور پر “تائین جن اعلامیہ” منظور کیا۔ اجلاس کے دوران غیر معمولی سفارتی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں، جن میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا سات سال بعد چین کا پہلا دورہ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن و شی جن پنگ کی طویل ملاقات شامل ہے۔

تقریب میں سربراہان مملکت کے اعزاز میں شاندار استقبالیہ اور ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں روسی وفد کو خصوصی پذیرائی ملی اور مشہور روسی لوک نغمہ “کالنکا مالنکا” بھی پیش کیا گیا۔

چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایس سی او ترقیاتی بینک فوری طور پر قائم کیا جائے اور سکیورٹی چیلنجز کے حل کیلئے ایک خصوصی مرکز بنایا جائے۔ انہوں نے تین سال کے دوران رکن ممالک کو 10 ارب یوآن کے قرض فراہم کرنے کا اعلان کیا اور عالمی سطح پر ایک “منصفانہ اور مساوی حکمرانی کا نظام” تشکیل دینے پر زور دیا۔

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ یورپ و شمالی امریکا پر مبنی پرانے ماڈلز اب فرسودہ ہو چکے ہیں اور ایس سی او ایک زیادہ منصفانہ نظام کی تشکیل میں کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے یوکرین تنازع کے حوالے سے کہا کہ اس کے بنیادی اسباب کا حل اور سلامتی کے توازن کی بحالی ضروری ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے “ایس سی او+” فارمیٹ کو تعاون بڑھانے کے لیے بہترین پلیٹ فارم قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردی اب بھی دنیا کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، اس کے خلاف مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے۔

اجلاس میں منظور ہونے والے تیانجن اعلامیہ میں امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حالیہ حملوں کی مذمت کی گئی، ایٹمی انفراسٹرکچر پر حملوں کو ناقابل قبول قرار دیا گیا اور دوہرے معیار کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ پر زور دیا گیا۔ رکن ممالک نے افغانستان میں امن و ترقی کے لیے عالمی کوششوں کی حمایت کی اور مصنوعی ذہانت کے سکیورٹی خطرات، منشیات کی اسمگلنگ، خلا کو غیر عسکری رکھنے اور انٹرنیٹ کی قومی سطح پر نگرانی کے حق پر اتفاق کیا۔

اجلاس کے اختتام پر کرغیزستان نے ایس سی او کی آئندہ چیئرمین شپ سنبھال لی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں