ایس سی او سمٹ کے دوران یوکرین پر بات چیت، پوتن اور ٹرمپ کے درمیان زیلنسکی سے ملاقات پر کوئی معاہدہ نہیں: کریملن

تیانجن(وائس آف رشیا) کریملن کے معاون یوری اوشاکوف نے تصدیق کی ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سمٹ کے دوران یوکرین تنازعہ زیربحث آیا، تاہم روسی صدر ولادیمیر پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات پر کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔

یوری اوشاکوف کے مطابق صدر پوتن نے ایس سی او سمٹ میں کئی عالمی رہنماؤں کو امریکہ کے شہر الاسکا میں صدر ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی اپنی ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا، جن میں چین کے صدر شی جن پنگ اور بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی بھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ “یوکرینی مسئلہ اجلاس کے سائیڈ لائن پر فطری طور پر موضوع گفتگو بنا۔ صدر پوتن نے الاسکا میں ٹرمپ کے ساتھ طے پانے والے نکات پر بھی تفصیل سے بات کی۔”

کریملن کے مطابق، پوتن اور ٹرمپ نے الاسکا میں امریکی امن مشن کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کی پانچ ملاقاتوں کے دوران جمع کیے گئے نکات کو بنیاد بنا کر مستقبل کے لائحہ عمل پر اتفاق کیا۔ تاہم روس-یوکرین مذاکرات کو بلند سطح پر لے جانے سے متعلق کوئی حتمی تجویز سامنے نہیں آئی۔

یوری اوشاکوف نے واضح کیا کہ میڈیا میں جو باتیں سامنے آ رہی ہیں، وہ درست نہیں۔ “فی الحال نہ تو کسی سہ فریقی ملاقات پر اتفاق ہوا ہے اور نہ ہی صدر پیوٹن اور صدر زیلنسکی کی براہِ راست ملاقات پر کوئی معاہدہ ہوا ہے۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں