روس اور بھارت کے تعلقات خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کی بنیاد پر ترقی کر رہے ہیں، صدر پیوٹن

تیانجن(وائس آف رشیا) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ماسکو اور نئی دہلی اپنے تعلقات کو خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کے اصولوں کے تحت فروغ دے رہے ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات میں صدر پوتن نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط دوستی اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 21 دسمبر کو روس اور بھارت کے درمیان اُس مشترکہ بیان کے پندرہ سال مکمل ہوں گے جس نے دونوں ممالک کے تعلقات کو خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک پہنچایا۔

پوتن نے کہا کہ “ہم اعتماد کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ روس-بھارت کے ہمہ جہت تعلقات فعال انداز میں فروغ پا رہے ہیں۔ مختلف سطحوں پر روابط قائم ہیں، تجارتی اور اقتصادی تعاون میں مثبت رجحانات نظر آ رہے ہیں جبکہ سیاحتی تبادلوں نے بھی تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔”

روسی صدر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک اقوام متحدہ، برکس، جی-20 اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت عالمی فورمز پر قریبی ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

پوتن نے بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ روس اور بھارت نے دہائیوں سے خصوصی دوستانہ اور پُراعتماد تعلقات قائم رکھے ہیں، جو مستقبل کے تعلقات کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ روس-بھارت تعلقات غیر جانبدارانہ اور غیر جماعتی ہیں اور دونوں ملکوں کی عوام کی اکثریت ان کی حمایت کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں