نئی دہلی (وائس آف رشیا) بھارت نے ایک نیا مربوط فضائی دفاعی نظام کامیابی سے آزما لیا ہے، جس نے بیک وقت مختلف بلندیوں اور فاصلے پر تین فضائی اہداف کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ بھارتی وزارتِ دفاع کے مطابق یہ تجربہ اتوار کو کیا گیا۔
وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ پرواز کے دوران دو ہائی اسپیڈ بغیر پائلٹ طیارے (یو اے وی) اور ایک ملٹی کاپٹر ڈرون کو بیک وقت نشانہ بنایا گیا اور انہیں مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ ان اہداف کو کوییک ری ایکشن سرفیس ٹو ایئر میزائل (QRSAM)، ویری شارٹ رینج ایئر ڈیفنس سسٹم (VSHORADS) اور ہائی انرجی لیزر ویپن سسٹم نے کامیابی سے نشانہ بنایا۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے حال ہی میں فوجی اور شہری تنصیبات کو فضائی خطرات سے بچانے کے منصوبے کے تحت “مشن سدھرسن چکر” کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت دس برسوں میں مکمل ملکی ساختہ فضائی دفاعی ڈھال تیار کی جائے گی۔
وزارتِ دفاع نے کہا کہ سسٹم کے تمام اجزا، بشمول میزائل سسٹم، ڈرون ڈیٹیکشن و تباہی کے آلات، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم، کمیونیکیشن اور ریڈارز نے بہترین کارکردگی دکھائی۔
واضح رہے کہ بھارت نے رواں ماہ کے آغاز میں تقریباً 7.6 ارب ڈالر مالیت کے دفاعی سودے منظور کیے ہیں، جن میں مزید برہموس میزائلز اور مسلح ڈرونز کی خریداری شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ موجودہ اہم نظاموں کے لیے طویل المدتی دیکھ بھال اور معاونت کے منصوبے بھی منظور کیے گئے ہیں، جن میں فضائیہ کے بوئنگ طیارے اور روسی ساختہ S-400 فضائی دفاعی میزائل سسٹم کے سالانہ معاہدے شامل ہیں۔









