ماسکو(وائس آف رشیا) روسی صدر کے نمائندہ برائے حقوقِ اطفال ماریا لیووا-بیلووا نے بتایا ہے کہ قطر کی ثالثی سے مزید تین یوکرینی بچوں کو ان کے اہل خانہ سے ملا دیا گیا ہے۔ یہ اقدام صدر ولادیمیر پوتن کی ہدایت پر جاری کاوشوں کا حصہ ہے۔
لیووا-بیلووا کے مطابق دو لڑکے، جن کی عمریں آٹھ اور پندرہ برس ہیں، اور ایک چھ سالہ لڑکی جلد ہی اپنے خاندانوں کے ساتھ یوکرین میں دوبارہ مل جائیں گے۔ ایک لڑکا روس میں اپنے چچا کے پاس اور دوسرا اپنی دادی کے پاس رہ رہا تھا، جبکہ ان کی مائیں یوکرین میں ان کا انتظار کر رہی تھیں۔ لڑکی اپنی والدہ کے انتقال کے بعد اپنی نانی کے ہمراہ رہ رہی تھی، جبکہ اس کا والد یوکرین میں مقیم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر ایک معذور بالغ شخص کو بھی یوکرین منتقل کیا گیا۔ یہ ملاقات ماسکو میں قطری سفارت خانے میں ہوئی، جہاں لیووا-بیلووا نے قطر، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان کے مطابق اب تک 18 خاندانوں کے 26 بچوں کو روس میں ان کے رشتہ داروں سے اور 91 خاندانوں کے 115 بچوں کو یوکرین اور دیگر ممالک میں ان کے اہل خانہ سے ملایا جا چکا ہے۔









