ماسکو(وائس آف رشیا) روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک شدید معاشی بحران سے توجہ ہٹانے کے لیے روس مخالف پروپیگنڈا مہم چلا رہے ہیں۔
ایکسپرٹ میگزین کو انٹرویو میں ماریا زاخارووا نے کہا کہ “جارحیت کو جواز فراہم کرنے اور عوامی غصہ روس کی طرف موڑنے کے لیے بدنامی کی ایک پیچیدہ مہم چلائی جا رہی ہے، جو جھوٹ، اشتعال انگیزی اور من گھڑت بیانات پر مبنی ہے۔”
زاخارووا نے الزام عائد کیا کہ یورپی و امریکی دارالحکومت روس کو “اسٹریٹجک شکست” دینے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں، حتیٰ کہ انہوں نے یوکرین میں موجود بقول ان کے “نونازی حکومت” کی پشت پناہی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کی جانب سے عائد پابندیوں، یوکرین کو اسلحہ فراہم کرنے اور تیز رفتار جنگی حکمتِ عملی کے باوجود محاذِ جنگ کی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
زاخارووا کے مطابق دنیا بھر میں “روس مخالف سوچ” کو فروغ دینے کی مہم صدیوں پرانی ہے، جو 19ویں صدی کے اخبارات سے لے کر 20ویں صدی کی سرد جنگ کی پروپیگنڈا فلموں اور آج کے جدید میڈیا کے اشتعال انگیز بیانیے تک پھیلی ہوئی ہے۔









