پاکستان نے ماسکو اور متحدہ عرب امارات میں اپنے سفیروں کے اہم تبادلے اور نئی تقرریاں کر دیں

ماسکو (شاہد گھمن سے) پاکستان نے ماسکو اور متحدہ عرب امارات میں اپنے سفیروں کے اہم تبادلے اور نئی تقرریاں کر دی ہیں۔ ماسکو میں محمد خالد جمالی کی جگہ فیصل ترمزی کو تعینات کیا جا رہا ہے، جبکہ یو اے ای میں پاکستان کے نئے سفیر کے طور پر شفقت علی خان ذمہ داریاں سنبھالیں گے

تفصیلات کے مطابق وزارتِ خارجہ کے مطابق ماسکو میں تعینات پاکستانی سفیر خالد جمالی کی مدتِ تعیناتی مکمل ہونے پر انہیں واپس بلایا جا رہا ہے، اور ان کی جگہ متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستانی سفیر فیصل ترمزی ماسکو میں ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

سفیر محمد خالد جمالی نے روس میں اپنے دورِ تعیناتی کے دوران توانائی، دفاع اور تعلیم کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کیے۔ ان کی کاوشوں سے روس اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات میں بھی اضافہ ہوا، اور وہ ماسکو میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم رہے۔

فیصل ترمزی ایک تجربہ کار سفارتکار ہیں، جنہوں نے متحدہ عرب امارات میں اپنے دورِ تعیناتی کے دوران دوطرفہ تجارتی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ماسکو میں ان کی تعیناتی سے توقع ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی اور دفاعی تعاون مزید مستحکم ہوگا۔

ادھر، فیصل ترمزی کے ماسکو جانے کے بعد، یو اے ای میں پاکستان کے نئے سفیر کے طور پر شفقت علی خان کی تقرری کی گئی ہے۔ شفقت علی خان اس وقت وزارت کے کے ترجمان کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل روس میں پاکستان کے سفیر تھے جبکہ مختلف اہم عالمی مناصب پر فرائض انجام دے چکے ہیں، اور انہیں خلیجی خطے میں پاکستان کے مفادات کے فروغ کے لیے موزوں انتخاب قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ تقرریاں جلد مؤثر ہوں گی، اور سفارتی ماہرین کے مطابق ان فیصلوں سے پاکستان کے روس اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری آنے کی توقع ہے۔

سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں پاکستان کی خارجہ پالیسی کے موجودہ اہداف کے مطابق ہیں اور آئندہ مہینوں میں ان کے اثرات واضح نظر آئیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں