ماسکو (وائس آف رشیا) روس میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے دو بڑے منصوبے ناکام بنا دیے۔ ماسکو ریجن میں ایک اعلیٰ دفاعی عہدیدار پر حملے کی کوشش بھی ناکام ہوئی، جبکہ رواں سال کے صرف سات ماہ میں 18 دہشت گرد حملے منصوبے کے مرحلے پر ہی پکڑ لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق روسی فیڈرل سکیورٹی سروس کے مطابق، ماسکو ریجن میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا جو مبینہ طور پر یوکرینی خفیہ اداروں کا ایجنٹ تھا۔ کوڈ نام “راوین” رکھنے والا یہ شخص 60 کلو سے زائد دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کو ایک اعلیٰ فوجی افسر کے قریب دھماکے سے اڑانے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ ملزم کو ایم-4 ہائی وے پر حراست میں لیا گیا، اور اس پر غداری اور دھماکا خیز مواد کی غیر قانونی تیاری کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

روسی نیشنل انسدادِ دہشت گردی کمیٹی کے چیئرمین الیگزینڈر بورتنیکوف نے بتایا کہ رواں سال کے پہلے سات ماہ میں 290 سے زیادہ غیر ملکی شہری دہشت گردی میں ملوث ہونے پر گرفتار ہوئے۔ ان کی جانب سے عوامی مقامات پر 18 حملوں کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، جن میں سے دو یوکرینی منصوبہ سازوں کے حکم پر تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی دہشت گرد تنظیمیں اور یوکرینی خفیہ ادارے وسطی ایشیائی ممالک کے افراد کو بھرتی کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں اور اس قسم کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
کمیٹی کے مطابق، ملک بھر میں تعلیمی اداروں میں آگاہی مہمات، خطرے سے دوچار گروپوں کے ساتھ ہدفی رابطہ، اور دہشت گردانہ نظریات سے متاثرہ افراد کے ساتھ انفرادی سطح پر کام کرنے کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔









