روس میں پل گرنے سے ٹرین پٹری سے اتر گئی، 7 افراد ہلاک، 66 زخمی

ماسکو(وائس آف رشیا) روس کے یوکرین سے متصل بریانسک ریجن میں ایک پل گرنے کے نتیجے میں مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی، جس کے باعث کم از کم 7 افراد ہلاک اور 66 زخمی ہو گئے، جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ یہ واقعہ ہفتے کی شب دیر گئے پیش آیا جسے حکام نے ”نقل و حمل میں غیرقانونی مداخلت“ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

بریانسک کے گورنر الیگزینڈر بوگومیز نے ٹیلیگرام پر بتایا کہ پل گرنے سے ریل کی پٹڑی مکمل طور پر ملبے تلے دب گئی، جس کے نتیجے میں مسافر ٹرین متاثر ہوئی جو کلیموو سے ماسکو جا رہی تھی۔ ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی تھیں اور رات بھر امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں متاثرہ ٹرین اور ملبے میں پھنسے افراد کو دکھایا گیا ہے جبکہ کئی لوگ چیختے چلاتے اور مدد کے لیے پکار رہے تھے۔ ایک ویڈیو میں ایک خاتون کو چیختے ہوئے سنا جا سکتا ہے: ”یہ پل کیسے گر گیا؟ وہاں بچے بھی ہیں!“

روسی ریلوے حکام نے تصدیق کی کہ واقعہ ہفتے کی شب 10 بج کر 44 منٹ پر پِلشینو اور ویگونچی اسٹیشنز کے درمیان پیش آیا۔ اگرچہ دیگر ریلوے آپریشن متاثر نہیں ہوئے، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں