ماسکو(وائس آف رشیا) چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے اہم دورہ روس کے دوران روسی فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کی چیئرپرسن ویلنٹینا میتوینکو سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون کے فروغ، تجارتی و اقتصادی شراکت داری، توانائی کے شعبے میں تعاون، اور تعلیم کے میدان میں باہمی تبادلہ خیال پر زور دیا۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سفارت کاری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے علاقائی سلامتی، اقتصادی ترقی، اور بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
روسی چیئرپرسن ویلنٹینا میتوینکو نے بھی پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط عوامی سطح پر دوستی کو مزید مستحکم بنانے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے گزشتہ روز ماسکو میں گمنام سپاہیوں کی یادگار پر حاضری دی اور پھول رکھ کر دوسری جنگ عظیم کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔یوسف رضا گیلانی نے ان سپاہیوں کی قربانیوں کو سراہا جنہوں نے روس کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے روایت کے مطابق چند لمحوں کی خاموشی اختیار کر کے شہداء کی یاد میں احترام کا اظہار بھی کیا.















