یوکرین تنازعہ! روسی اور امریکی وفد کی کل ریاض میں پہلی بڑی بیٹھک ہوگی

ماسکو(وائس آف رشیا) یوکرین تنازعہ کے حل کیلئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور کریملن کی خارجہ پالیسی کے مشیر یوری اوشاکوف کل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں روسی اور امریکی وفود کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ روسی صدارتی ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ لاوروف اور روسی صدارتی معاون یوری اوشاکوف امریکی حکام سے روس اور امریکہ کے تعلقات کی بحالی پر بات چیت کے ساتھ ساتھ یوکرین کے تنازع کے حل کے لیے ممکنہ مذاکرات کی تیاریوں اور ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات کے لیے سعودی دارالحکومت ریاض جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق امریکی وفد کی نمائندگی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز، سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو اور مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹ کوف کریں گے۔

روسی صدارتی ترجمان دمیتری پیسکوف نے کہا ہے کہ اس ملاقات کے دوران روس اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ملاقات کے دوران یوکرین کے مسئلے کے حل پر ممکنہ مذاکرات، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپکی ملاقات کی تیاریوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پیسکوف نے کہا کہ وہ ریاض میں ہونے والی ملاقات میں امریکہ کے ساتھ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آمنے سامنے ملاقات کی تیاریاں کی جا رہی ہیں جس پر دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ہفتے ٹیلی فون پر بات چیت میں اتفاق کیا تھا. انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے ریاض دونوں فریقوں کے لیے موزوں جگہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں