ماسکو(وائس آف رشیا) روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور امریکی اسٹیٹ سیکرٹری مارکو روبیو نے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران روسی صدر ولادیمیر پوتن اور ان کے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کی تیاری سمیت مختلف امور پر باقاعدہ رابطے پر اتفاق کیا ہے ۔
روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ انہوں نے باقاعدہ رابطوں پر اتفاق کیا، جس میں روسی-امریکی سربراہی اجلاس کی تیاری بھی شامل ہے۔
لاوروف اور روبیو نے امریکہ اور روس کے تعلقات اوردیگر مسائل کو حل کرنے کے لیے مواصلات کے ایک چینل کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا جبکہ “پچھلی انتظامیہ سے وراثت میں ملنے والی یکطرفہ رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے، باہمی طور پر فائدہ مند تجارت، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعاون کے لیے یقین دہانی کرائی”۔
دونوں رہنمائوں نے اہم بین الاقوامی مسائل پر تعاون کے لیے اپنی باہمی رضامندی پر بھی اتفاق کیا جس میں یوکرین کے تصفیہ سمیت فلسطین اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال شامل ہے
ٹیلی فونک بات چیت کے دوران دونوں رہنمائوں نے 2016 میں باراک اوباما انتظامیہ کی طرف سے امریک میں روسی سفارتی مشن کے آپریشن کے لیے شرائط کو زیادہ سے زیادہ سخت کرنے کے لیے شروع کی گئی پالیسی کو جلد از جلد ختم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، جس میں جوابی اقدامات شامل تھے۔
روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ مستقبل قریب میں ماہرین کا اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ روسی اور امریکی صدور کے درمیان رابطوں میں حائل رکاوٹوں کو باہمی طور پر دور کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات پر اتفاق کیا جا سکے۔









