ماسکو: رپورٹ شاہد گھمن
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی ہے۔
دونوں رہنمائوں نے یوکرین تنازعہ اور مشرق وسطیٰ کے تصفیے سمیت دیگر اہم ایشو پر بات چیت کی ہے۔۔کریملن کی جانب سے بتا یا گیا ہے کہ دونوں رہنمائوں کی ڈیڑھ گھنٹہ تک بات چیت جاری رہی۔
دونوں صدورنے روس اور امریکہ کے شہریوں کے تبادلے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی صدر نے یقین دلایا کہ امریکہ طے پانے والے تمام معاہدوں کو پورا کرے گا۔ دونوں رہنماوں نے یوکرین میں تصفیہ کے موضوع پر بھی بات گفتگو کی۔ جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین تنازعہ کے فوری خاتمے اور مسئلے کے پرامن حل کے حق میں بات کی۔جس پرصدر ولادیمیر پوتن نے اپنی طرف سے تنازع کی بنیادی وجوہات کو ختم کرنے کی ضرورت کا ذکر کیا اور ڈونلڈ ٹرمپ سے اتفاق کیا کہ پرامن مذاکرات کے ذریعے طویل مدتی تصفیہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
روسی صدر نے امریکی سربراہ مملکت کے ایک اہم مقالے کی بھی تائید کی کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمارے ممالک مل کر کام کریں۔ بات چیت کے دوران مشرق وسطی کے تصفیے، ایرانی جوہری پروگرام کے ساتھ ساتھ اقتصادی میدان میں دوطرفہ روس امریکہ تعلقات کے موضوعات پر بات ہوئی۔
روسی صدر نے امریکی صدر کو ماسکو کے دورے کی دعوت دی اور یوکرائنی تصفیہ سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں پر روس میں امریکی حکام سے ملاقات کے لیے آمادگی ظاہر کی۔ ولادیمیر پوتن اور ڈونلڈ ٹرمپ نے ذاتی ملاقاتوں سمیت ذاتی رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔









