ماسکو(وائس آف رشیا) امریکی اخبارکے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے یوکرین جنگ کے خاتمے کے حوالے سے فون پر بات چیت کی ہے۔
امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کے مطابق یہ 2022 کے اوائل کے بعدروسی صدر پوتن اور کسی بھی امریکی صدر کے درمیان پہلا براہ راست رابطہ ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں یوکرین جنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا تاہم اس کے طریقہ کار کی تفصیل بتانے سے گریز کیا تھا۔ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے یوکرین جنگ کو خونریزی قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی ٹیم نے اس معاملے پر کچھ بہت اچھی بات چیت کی ہے۔
امریکی صدر کے طیارے ائیر فورس ون میں امریکی اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ سے سوال پوچھا گیا کہ انہوں نے صدر پوتن سے کتنی بار بات کی تو انہوں نے جواب دیا کہ بہتر ہے کہ میں اس بارے میں کچھ نہ کہوں، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ صدر پوتن بھی اس تنازعہ کا حل چاہتے ہیں۔
تاہم غیر ملکی خبرساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہائوس نے اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔یہاں پر میں یہ بھی بتاتا چلوں کہ ان رابطوں کے بارے میں روس کی جانب سے بالکل خاموشی ہے
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ وہ یوکرین پر روسی رہنما ولادیمیر پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان رابطوں کے بارے میں نہ تو تصدیق کر سکتے ہیں اور نہ ہی تردید کر سکتے ہیں۔









