روس 2024 میں اسپین کو ایل این جی فراہم کرنے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا

میڈرڈ(وا ئس آف رشیا) ہسپانوی توانائی کمپنی ایناگاس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، جنوری سے دسمبر 2024 میں روس سپین کو مائع قدرتی گیس (LNG) کا دوسرا بڑا فراہم کنندہ تھا۔

کمپنی کے اعداد و شمار کے مطابق، اسپین نے گزشتہ سال کے 12 مہینوں میں روس سے 72,360 GWh LNG کے مساوی (کل حجم کا 21.3%) خریدا۔ روس الجزائر کے بعد رپورٹنگ کی مدت میں ملک کو اس قسم کے ایندھن کا دوسرا سب سے بڑا فراہم کنندہ تھا۔ دسمبر میں، میڈرڈ نے ماسکو سے 5,485 GWh گیس خریدی.

ایناگاس کے مطابق اسپین نے 2023 میں 72,690 GWh روسی LNG خریدی، جو کہ 2022 میں 53,859 GWh سے زیادہ ہے۔ مالی سال 2023 میں، روس سپین کو گیس فراہم کرنے والا تیسرا سب سے بڑا ملک تھا۔

میڈرڈ میں روس کے سفیر یوری کلیمینکو نے میڈیا کو بتایا کہ اسپین 2022-2023 میں یورپی یونین میں روسی LNG کا اہم خریدار تھا۔ سفارت کار نے کہا کہ اقتصادی نقطہ نظر سے، ملک کے لیے روس کے ساتھ طویل مدتی معاہدے کو توڑنا سود مند نہیں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اسپین اپنی اسٹوریج اور ری گیسیفیکیشن کی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے دیگر یورپی ممالک کو گیس کے کچھ حصے کو دوبارہ برآمد کر رہا ہے۔ .

الوداع 2024: پاکستان نئی امیدوں اور امنگوں کے ساتھ سال 2025 میں داخل صدر مملکت کی نئے سال کی مبارک باد

کراچی/ اسلام آباد(وائس آف رشیا) پاکستان نے تلخ و شیریں یادوں کے ساتھ سال 2024 کو الوداع جبکہ نئی امیدوں اور عزم کے ساتھ سال 2025 کو خوش آمدید کہا ہے۔

دنیا کے مختلف ممالک کے بعد رات 12 بجتے ہی پاکستان میں بھی سال 2025 کا آغاز ہوگیا، گھڑیال میں 12 بجتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں آتشبازی کی گئی جس سے آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا جبکہ شہریوں نے نئے سال کا خوب جشن منایا۔

پاکستانیوں کو امید ہے کہ سال 2025 عوام اور ملک کی بہتری کا سال ہوگا جس میں ترقی کی نئی منازل کو حاصل کیا جائے گا۔

سال نو کی آمد کے حوالے سے ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں آتش بازی اور میوزیکل پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر ہاؤس کراچی میں بھی عالمی ریکارڈ قائم کرنے کیلیے آتش بازی کا انعقاد کیا گیا جس کو دیکھنے کیلیے عوام بڑی تعداد میں گورنر ہاؤس پہنچے۔

کامران ٹیسوری کا دعوی ہے کہ 40 منٹ تک مستقل آتش بازی کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تمام صوبوں میں سیکیورٹی کو الرٹ رکھا گیا جبکہ کراچی سمیت بڑے شہروں میں پولیس نے ہوائی فائرنگ پر شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے سخت قانونی کارروائی کا عندیہ دیا۔

صدر مملکت کا سال نو پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے سال کے آغاز پر پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ نیا سال پاکستان قوم کیلئے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی لیکر آئے، اُمید کرتا ہوں کہ نیا سال ترقی و خوشحالی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کا سال ہوگا۔

صدر مملکت کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے یکجہتی، نظم و ضبط، مسلسل محنت اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا، پاکستان کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرکے اُن کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے غریب طبقے کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی، بحثیت قوم گزشتہ سال کی کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینے اور ماضی سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

سال کے آغاز پر عوامی خدمت، امن و استحکام کیلئے محنت سے کام کرنے کا عزم کریں، صدر مملکت

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے نیا سال ملک کیلئے کامیابیوں کا سال ہو، صدر مملکت

2024 پاک امریکا تعلقات کے لیے نتیجہ خیز سال قرار

اسلام آباد (وائس آف رشیا) امریکی سفارت خانے نے 2024 کو پاک- امریکا تعلقات کے لیے نتیجہ خیز سال قرار دیا ہے۔اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 2024 میں امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت میں وسعت آئی۔

رواں برس کے 10 ماہ میں دوطرفہ تجارت 6.3 ارب ڈالر رہی۔ پاکستان میں غذائی تحفظ کے لیے تجارتی تعاون جاری رہے گا۔2024 میں 80 امریکی کمپنیوں نے 120 ہزار پاکستانیوں کر براہ راست ملازمتیں دیں۔

امریکی سفارتخانے کے بیان کے مطابق منگلا، تربیلا اور دیگر ڈیمز کے امریکی فنڈز سے اپ گریڈ ہونے سے پاکستان کی توانائی کی صلاحیت بھی بڑھی۔

سال 2024: پاکستان میں کون کون سی ہائی پروفائل شادیاں ہوئیں؟

لاہور(وائس آف رشیا) سال 2024 پاکستان میں کئی ہائی پروفائل و مشہور شخصیات کے لیے خاص رہا۔رواں سال ملکی شوبز انڈسٹری سے وابستہ کئی شخصیات میں سے کسی نے پہلی بار تو کسی نے دوسری بار شادی کی

آئیے ایک نظر رواں سال شوبز انڈسٹری سے وابستہ شادی و نکاح کے بندھن میں بندھنے والی شخصیات پر ڈالتے ہیں۔

اداکارہ ایمن سلیم
ڈرامہ سیریل چپکے چپکے سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ایمن سلیم کا نکاح تو گزشتہ برس دسمبر میں ہوا تھا لیکن رواں سال کا آغاز ان کی شادی کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات کے ساتھ ہوا۔ اداکارہ کا ’شالیمہ‘ یکم جنوری کو منعقد ہوا تھا۔

شعیب ملک اور ثناء جاوید
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے پاکستانی اداکارہ ثناء جاوید سے شادی کا اعلان 20 جنوری کی صبح اچانک کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔

عریشہ رضی خان
پاکستان شوبز انڈسٹری میں بطور چائلڈ اسٹار کیریئر کا آغاز کرنے والی معروف اداکارہ عریشہ رضی خان کا نکاح تو 2022 میں ہوگیا تھا تاہم ان کی رخصتی رواں سال کے آغاز میں ہوئی۔ جنوری کے وسط سے شروع ہونے والا مایوں مہندی کا سلسلہ فروری میں ان کی رخصتی تک چلتا رہا۔

ایمن زمان
پاکستان کی ابھرتی ہوئی اداکارہ اور معروف ٹک ٹاکر ایمن زمان کی شادی کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات کا آغاز یکم فروری سے ہوا۔ اداکارہ اپنے دوست مجتبیٰ لاکھانی کے ہمراہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔

حنا رضوی اور عمار احمد

شوبز انڈسٹری کی لیجنڈری اداکارہ اور ہدایت کارہ سنگیتا کی چھوٹی بہن و اداکارہ حنا رضوی نے رواں سال 14 اپریل کو اپنے مایوں سے متعلق انسٹا پوسٹ شیئر کر کے سب کو حیران کردیا تھا۔

41 سالہ اداکارہ نے ڈیجیٹل کونٹینٹ کری ایٹر عمار احمد خان سے رواں سال اپریل کے وسط میں شادی کی، جس کے بعد انہیں زائد العمری میں شادی اور بڑھے ہوئے وزن کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

جویریہ عباسی

معروف اداکارہ جویریہ عباسی نے رواں سال مئی میں منگنی کی تصاویر شیئر کر کے اپنی زندگی کے نئے سفر کے آغاز کا اعلان کیا تو مداحوں نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اداکارہ نے رواں سال جولائی میں اعلان کیا کہ انہوں نے 3 ماہ قبل ہی منگنی کے ساتھ ساتھ نکاح بھی کرلیا تھا، جسے جان کر مداح حیران رہ گئے تھے۔

زوہاب خان اور وانیہ ندیم

بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے پاکستانی اداکار زوہاب خان اور ٹک ٹاکر و ساتھی اداکارہ وانیہ ندیم رواں سال مئی کے آغاز میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

فیروز خان

معروف اداکار فیروز خان کی شادی کی خبریں رواں سال مئی کے اختتام سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھیں تاہم انہوں نے یکم جون کو اپنی اور ڈاکٹر زینب دعا کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی دوسری شادی سے متعلق گردشی خبروں کی تصدیق کر کے سب کو دنگ کردیا تھا۔

محمد جنید ظفر

نجی ٹی وی سے وابستہ معروف اینکر پرسن محمد جنید ظفر نے رواں سال 2 جون کو دلچسپ انداز میں اپنے نکاح کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ انہوں نے لکھا کہ ’میری آج کی 9 بجے کی ہیڈ لائن یہ ہے کہ میں نے نکاح کر لیا ہے‘۔

یشمیرا جان

پاکستانی معروف اداکار شبیر جان اور فریدہ شبیر کی بیٹی و اداکارہ یشمیرا جان رواں سال جون کے اختتام پر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔ ان کی ڈھولکی اور نکاح کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا کی خوب زینت بنیں۔

انوشے اشرف

پاکستانی معروف وی جے، ماڈل، میزبان اور اداکارہ انوشے اشرف نے جولائی میں اپنی شادی کی تصاویر شیئر کر کے شادی نہ کرنے کا طعنہ دینے والوں کے منہ بند کردیے تھے۔ انہوں نے شہاب رضا مرزا نامی شخص کے ساتھ رواں سال شادی کی ہے۔

دانیہ شاہ

پاکستانی معروف سیاسی شخصیت اور میزبان مرحوم عامر لیاقت حسین سے شادی کر کے شہرت حاصل کرنے والی ان کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے رواں سال جولائی کے اختتام پر ڈرامائی انداز میں اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا۔ انہوں نے ٹک ٹاکر اور اپنے وکیل حکیم شہزاد کے ساتھ شادی کی۔

عمیر جیسوال

اداکارہ ثناء جاوید کے سابق شوہر گلوکار عمیر جیسوال نے رواں سال اکتوبر میں اپنے نکاح کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کر کے سب کو حیران کر دیا۔ انہوں نے اپنی دوسری شادی سے متعلق مزید تفصیلات خفیہ رکھی ہیں۔

ارشاد بھٹی اور سما راج

معروف پاکستانی صحافی اور تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے پہلی اہلیہ کے انتقال کے بعد سابقہ اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سما راج دوسری شادی کر لی۔ انہوں نے رواں ماہ اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا ہے۔

شہریار منور اور ماہین صدیقی

معروف اداکار و فلمساز شہریار منور اور اداکارہ ماہین صدیقی کی شادی کی تقریبات ان دنوں چل رہی ہیں۔ حال ہی میں ڈھولکی، قوالی نائٹ، ہلدی، شبِ موسیقی کے بعد اب ان کے نکاح کی تصاویر بھی منظر عام پر آگئی ہیں۔

رحمہ زمان

پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ رحمہ زمان بھی اس سال کے اختتام م سے قبل نکاح کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔

2024 میں کتنے تارکین وطن سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوئے؟ اہم رپورٹ جاری

میڈرڈ (وائس آف رشیا) سال 2024 میں سمندر پار کر کے دوسرے ملک جانے والے تارکین وطن کی ہلاکتوں کی ہوشربا رپورٹ سامنے آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سال 2024 میں اسپین جانے کی کوشش کرنے والے 10 ہزار سے زائد تارکین وطن ڈوب کر ہلاک ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بہتر زندگی کی تلاش میں سمندری اور زمینی راستوں سے اسپین جانے کی کوشش میں 10 ہزار سے زائد تارکین وطن موت کے منہ میں چلے گئے۔

تارکین وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ہسپانوی گروپ کیمینانڈو فرنتیراس کے مطابق رواں سال کشتیوں سے اسپین پہنچنے کی کوشش میں روزانہ 30 افراد ہلاک ہوئے۔

ہسپانوی گروپ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں برس ہلاکتوں میں 58 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پر خطر راستوں کے علاوہ ہلکی ساخت کی کشتیوں کا استعمال اور ریسکیو کے کام میں وسائل کی کمی بھی ہلاکتوں کا باعث ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اکثریت کا تعلق افریقی ممالک سے ہے، جبکہ دیگر تارکین وطن پاکستان سمیت دنیا کے 28 ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔

حالیہ سالوں میں پاکستان سے کئی شہری روشن مستقبل کی تلاش میں یورپ جانے کی کوشش کرتے رہے ہیں جس کے باعث بہت سے افراد ہلاک بھی ہوئے۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے 2024 میں بچھڑنے والے بڑے نام: مکمل فہرست!

کراچی (وائس آف رشیا) سال 2024 پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے ایک غمگین سال ثابت ہوا، جس میں کئی نامور فنکار دنیا سے رخصت ہو گئے۔ یہ تمام فنکار اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کر چکے تھے۔
خالد بٹ: سینئر اداکار خالد بٹ، جنہوں نے پی ٹی وی کے ساتھ کیریئر کا آغاز کیا، 11 جنوری کو طویل بیماری کے بعد انتقال کر گئے۔

الطاف حسین: معروف فلم ڈائریکٹر الطاف حسین، جنہوں نے 80 سے زائد فلموں کی ہدایتکاری کی، 16 ستمبر کو دنیا سے رخصت ہو گئے۔

استاد طافو: مشہور موسیقار استاد طافو 26 اکتوبر کو انتقال کر گئے۔ ان کا گانا “سن سے بلوری اکھ والیاں” آج بھی مقبول ہے۔
عابد کشمیری: معروف تھیٹر، ٹی وی اور فلمی اداکار عابد کشمیری اکتوبر 2024 میں انتقال کر گئے۔
راشد ڈار: پی ٹی وی کے سنہرے دور کے ہدایتکار راشد ڈار 20 مارچ کو کینسر کے باعث انتقال کر گئے۔
طلعت حسین: سینئر اداکار طلعت حسین 26 مئی کو کراچی میں انتقال کر گئے۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس اور ستارہ امتیاز دیا گیا تھا۔
تسکین ظفر: پی ٹی وی کی مشہور نیوز کاسٹر تسکین ظفر جون 2024 میں انتقال کر گئیں۔
سردار کمال: مشہور مزاحیہ اداکار سردار کمال 52 سال کی عمر میں جولائی 2024 میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
مظہر علی: سینئر اداکار مظہر علی اکتوبر 2024 میں پھیپھڑوں اور دل کی بیماری کے باعث انتقال کر گئے۔
شبیر مرزا: ٹی وی ڈرامہ گیسٹ ہاؤس سے شہرت پانے والے شبیر مرزا ستمبر 2024 میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے۔
یحییٰ صدیقی: اداکارہ شگفتہ اعجاز کے شوہر یحییٰ صدیقی ستمبر 2024 میں کینسر سے طویل جنگ کے بعد انتقال کر گئے۔

سال 2024 اپنے اپنے پیچھے جنگیں، تنازعات اور ہوش ربا مہنگائی چھوڑ کر جا رہا ہے !

سال 2024 اپنے اختتام کے قریب پہنچ چکا ہے۔ یہ سال اپنے پیچھے جنگیں، تنازعات اور ہوش ربا مہنگائی چھوڑ کر جا رہا ہے۔ دنیا کی نظریں اب آنے والے سال پر ہیں جس جو شاید بہتر صورت حال کا حامل ہو اور اپنے ساتھ کرہ ارض پر بسنے والے انسانوں کے لیے بہتر منظر نامہ لے کر آئے۔

قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ
سال 2024 میں زیادہ تر معیشتوں میں افراطِ زر میں کمی واقع ہوئی تاہم گذشتہ چند برسوں میں انڈے سے لے کر توانائی تک ہر چیز کی قیمت میں ہوش ربا اضافے نے عوام کو چراغ پا کر دیا۔ جہاں عوام کو موقع ملا انھوں نے حکمراں جماعتوں کی سرزنش کی۔ افراط زر کا اثر ابھی تک جاری ہے جس کا نتیجہ حکمراں جماعتوں کو انتخابات میں پے در پے بھگتنا پڑ رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کی واپسی
امریکا میں بڑھتے اخراجات ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسری مرتبہ صدارتی انتخابات جیتنے میں مدد گار ثابت ہوئے۔ چار سال قبل وہ جو بائیڈن کے ہاتھوں شکست کھا کر وائٹ ہاؤس سے نکل جانے پر مجبور ہوئے تھے۔ ہار کے بعد ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج میں دھاندلی ہوئی ہے۔

رواں سال کے انتخابات کے نتیجے میں نئی امریکی قیادت کا ظہور ہوا ہے جو غالبا اندرون ملک جمہوری اداروں اور بیرون ملک تعلقات کے لیے ایک امتحان ثابت ہو گی۔

اسی طرح افراط زر کے سبب جنم لینے والے حکام مخالف جذبات نے برطانیہ، بوٹسوانا، پرتگال اور پناما میں نئی حکومتوں کو اقتدار تک پہنچایا۔

دنیا بھر میں مارشل لاء اور انتخابات
اسی طرح جنوبی کوریا میں بھی ووٹروں نے اپوزیشن کو اکثریت کے ساتھ پارلیمنٹ میں پہنچایا۔ اس پیش رفت نے صدر یون سوک یول کی راہ میں روک لگا دی۔ دسمبر کے اوائل میں صدر نے ملک میں مارشل لا نافذ کر دیا تاہم پارلیمںٹ نے جلد ہی اس اقدام کو کالعدم کر دیا۔

دنیا بھر میں انتخابات اورولادیمیر پوتن کا اقتدار برقرار
ادھر فرانس، جرمنی، جاپان اور بھارت میں بھی انتخابات نے بڑی تبدیلی کو جنم دیا۔

البتہ ایک جگہ ایسی رہی جہاں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ وہ جگہ ہے روس جہاں صدر ولادی میر پوتین 88% ووٹوں کے ساتھ ایک بار پھر صدر بن گئے۔ سوویت یونین ٹوٹنے کے بعد یہ روس میں صدر کے انتخاب میں ووٹوں کا ریکارڈ تناسب ہے۔

روس کا یوکرین میں‌ فوجی آپریشن
رواں سال بھی روس نے یوکرین میں فوجی آپریشن جاری رکھا اور زمین پر نمایاں کامیابیوں کو یقینی بنایا۔ اب ایک بڑا سوال یہ ہے کہ وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کی واپسی کا روس یوکرین تنازع پر کیا اثر پڑے گا ؟

منتخب امریکی صدر نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس جنگ کو ایک روز میں ختم کرا دیں گے۔ یوکرین اور یورپ میں دیگر ممالک میں بہت سے لوگوں کو اندیشہ ہے کہ اس کا مطلب پوتین کی لیے جانب داری اور موجودہ صورت حال کا باقی رہنا ہے۔

مشرق وسطی جل رہا ہے
مشرق وسطی میں اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں جنگ جاری رکھی اور جنگ کا دائرہ لبنان تک پھیل گیا۔ یہاں ایران نواز ملیشیا حزب اللہ کو اپنے سکریٹری جنرل حسن نصر اللہ کی ہلاکت کے بعد تباہی اور بد امنی کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ ہی معاملہ حماس کے ساتھ ہوا جس نے اپنے دو اہم سربراہ اسماعیل ہنیہ اور یحیی السنوار کو گنوا دیا۔

اسی طرح دنیا نے اسرائیل اور ایران کے درمیان براہ راست جھڑپیں بھی دیکھیں۔

ادھر شام میں ہم خیال مسلح اپوزیشن گروپوں نے مل کر صدر بشار الاسد کی حکومت کا خاتمہ کر دیا۔ اب یہ مسلح اپوزیشن احمد الشرع (سابق ابو محمد الجولانی) کی قیادت میں ملک چلانے کے لیے کوشاں ہے۔

مصنوعی ذہانت کا رسوخ بڑھ رہا ہے
کاروباری عالم میں دنیا کے مختلف حصوں میں کمپنیوں کو مصنوعی ذہانت کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے لیے جد و جہد کرنا پڑی۔

سرمایہ کاروں کے حوالے سے ٹکنالوجی کی کمپنیوں کے غلبے کا خلاصہ اس حقیقت کے ذریعے بیان کیا جا سکتا ہے کہ سات ٹکنالوجی کمپنیاں جو عظیم سات کمپنیوں کے نام سے جانی جاتی ہیں، وہ اس وقت اسٹینڈرڈ اینڈ پوورز 500 انڈیکس میں مارکیٹ ویلیو کے ایک تہائی حجم کی مالک ہیں۔ اس کے علاوہ ان میں سے ایک کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اور مالی سپورٹر ہیں۔

اگر ہم مستقبل کی جانب نظر کریں تو ٹکنالوجی کے سحر اور سیاسی قوت کا یہ امتزاج سال 2025 کے خد و خال کا تعین کر سکتا ہے !

(بشکریہ العریبیہ)

سال 2024 میں عالمی منظر نامے پر رونما ہونے والے اہم واقعات

لندن( ویب ڈیسک) سال 2024 اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے، رواں سال کو اگر جنگوں، قتل و غارت گری، قحط اور تباہی کا سال کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، رواں برس کے دوران بہت سے ایسے واقعات رونما ہوئے جو دنیا کی توجہ کا مہور رہے۔

مشرق وسطیٰ کا تنازعہ:

رواں برس مشرق وسطیٰ تنازعات میں گھرا رہا، 7 اکتوبر 2023 سے حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ کا نہ رکنے والا سلسلہ آج بھی اپنی بھرپور طریقے سے جاری ہے، فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے جبکہ دنیا خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔

نیتن یاہو کی پشت پناہی میں حماس کوختم کرنے کا عزم لئے صیہونی فورسز اب تک 44 ہزار سے زیادہ بے گناہ فلسطینیوں کو شہید کرچکی ہے، جبکہ ایک لاکھ سے زائد زخمی اور ہزاروں افراد اپنے گھروں سے محروم ہوچکے ہیں۔

غزہ کے شمالی حصے میں عمارتیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہیں جبکہ غزہ کی پٹی پر بھوک، افلاس اور قحط نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

سال 2024، غیر یقینی حادثات /اموات:

جنوری میں ایران میں سابق جنرل قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی کی تقریب میں دو زور دار دھماکے ہوئے، جس کے نتیجے میں 103 افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے، جبکہ سیکڑوں لوگ زخمی ہوئے۔

اپریل 2024 میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اپنے وزراء سمیت آذربائیجان کے نزدیک ایرانی سرحد پر ہیلی کاپٹر کریش ہونے کے سبب جاں بحق ہوگئے۔

ستمبر 2024 کے دوران برازیل کی ریاست ساؤ پاؤلو میں طیارہ کریش ہوگیا، حادثے میں کریو سمیت سوار تمام 62 افراد ہلاک ہوگئے۔

30 جولائی کو بیروت میں اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں حزب اللہ کے اعلیٰ فوجی کمانڈر اور اسرائیل کے اعلیٰ ترین اہداف میں سے ایک فواد شکر کو شہید کردیا گیا، امریکا نے ان کے سر کی قیمت 50 لاکھ ڈالر مقرر کی تھی۔

حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو 31 جولائی کو ایران میں شہید کردیا گیا، انہیں تہران میں ان کی رہائش گاہ پر نشانہ بنایا گیا، حملے میں اسماعیل ہنیہ کا سکیورٹی گارڈ بھی اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

20 ستمبر کو ہونے والے ایک اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کی ایلیٹ رضوان فورس کے سربراہ ابراہیم عقیل اور دیگر 15 کمانڈروں کو شہید کردیا گیا، لبنانی حکام کے مطابق اس حملے میں کل 55 افراد مارے گئے، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔

حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو اسرائیل نے 27 ستمبر کو ایک فضائی حملے میں شہید کر دیا، اس سے ایک روز قبل ہی اسرائیل نے حزب اللہ کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے جنوبی لبنان میں اپنے حملوں کا آغاز کیا تھا۔

17 اکتوبر کو اسرائیل نے غزہ میں حماس کے نومنتخب سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق کی، یحییٰ سنوار کی موت فلسطینی گروپ کیلئے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوئی جس سے وہ سات اکتوبر 2023 کے حملے سے لڑ رہا ہے۔

انتخابات کا سال:

سال 2024 کو دنیا بھر میں انتخابات کا سال بھی قرار دیا جاتا ہے، امریکا سے لے کر یورپ اور ایشیا تک تقریباً 30 سے زائد ممالک میں انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔

بنگلہ دیش میں سب سے پہلے انتخابات کا انعقاد کیا گیا، جبکہ دنیا بھر میں شروع ہونے والے انتخابی سلسلے کا اختتام 5 نومبر کو سب سے زیادہ نتیجہ خیز انتخابات کے ساتھ ہوا جہاں امریکی عوام نے ڈونلڈ ٹرمپ کو جیت کا سہرا پہنا دیا۔

رواں برس جنوبی ایشیا کے دو اہم ملک پاکستان اور بھارت میں بھی انتخابات کا انعقاد کیا گیا، پاکستان میں شہبازشریف اور ہمسایہ ملک بھارت میں مودی ایک بار پھر وزیر اعظم بن گئے۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری:

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے عالمی فوجداری عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

21 نومبر 2024 کو عالمی فوجداری عدالت نے جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں سابق اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔

واضح رہے کہ عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر نے رواں سال مئی میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور دیگر کے جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کیلئے درخواست دی تھی۔

پیرس اولمپکس 2024:

پیرس میں 1924 کے بعد پہلی بار اولمپکس کا انعقاد کیا گیا، یوں تقریباً ایک صدی بعد پیرس نے 2024 اولمپکس کی میزبانی کی، اس سے قبل 1900 اور 1924 میں اس نے اولمپکس کی میزبانی کی تھی۔

یورو کپ فٹبال 2024:

سپین نے انگلینڈ کو یورو کپ 2024ء کے فائنل میں ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔

جنوبی کوریا میں مارشل لاء:

3 دسمبر کو جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے مارشل لاء لگانے کا اعلان کیا، ملک بھر میں شدید عوامی رد عمل اور پارلیمنٹ کے مطالبے پر صدر نے چند ہی گھنٹوں بعد مارشل لاء کا فیصلہ واپس لے لیا۔ بعدازاں اپوزیشن جماعتوں نے صدر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔

بھارت اور کینیڈا میں کشیدگی:

بھارت اور کینیڈا کے درمیان تعلقات میں کشیدگی اکتوبر 2023 کے دوران اس وقت پیدا ہونا شروع ہوئی، جب کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے مغربی کینیڈا میں ایک سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہونے کا الزام لگایا۔

بھارتی نژاد کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کو رواں سال جون میں کینیڈا کے شہر وینکوور میں قتل کر دیا گیا تھا۔

جس کے بعد دونوں ممالک میں تناؤ بڑھ گیا، سفارتی تعلقات معطل ہوئے اور سفارت کاروں کو ملک بدر کردیا گیا،ابھی اس معاملے پر بات جاری تھی کہ 23 نومبر 2023 کو امریکا نے بھارت کے خلاف ایک ایسا ہی پنڈورا باکس کھول دیا۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات:

اس سال بھی بڑے پیمانے پر موسمیاتی تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں، شدید گرمی، سیلاب، غیر متوقع بارشیں اور سمندری طوفان سے تقریباً پوری دنیا متاثر ہوئی، جاپان، تھائی لینڈ، فرانس، امریکا سمیت بیشتر ممالک میں سمندری طوفان سے ہزاروں افراد ہلاک ہوگئے۔

2024 تاریخ کا گرم ترین سال ثابت، یہ پہلا سال ہے جب عالمی درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر چلا گیا، اپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2024 گزشتہ اکتوبر کے بعد دوسرا گرم ترین اکتوبر ریکارڈ کیا گیا۔

اسرائیل کے شام اور یمن پر حملے:

اسرائیل کی جانب سے غزہ اور لبنان کے بعدشام پر بھی حملوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، علاوہ ازیں ماہ نومبر میں باغیوں کے ایک گروپ اور شامی حکومت کے درمیان شدید لڑائی میں اب تک 300 سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں، یہی نہیں باغی فورسز نے ملک کے دوسرے بڑے شہر حلب کے ’اکثریتی‘ علاقے پر قابض ہوچکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں