پاکستان بھر میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر، میلاد جلوسوں کے لیے خصوصی انتظامات

گوجرانوالہ (شہریار شاہد گھمن) پاکستان بھر میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ مساجد، گھروں، بازاروں اور اہم شاہراہوں کو سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور چراغاں سے سجایا جا رہا ہے، جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں محافل میلاد، سیرت النبی ﷺ کانفرنسوں اور درود و سلام کی مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق پاکستان میں 12 ربیع الاول 1448 ہجری بدھ 26 اگست کو ہوگا، جبکہ وفاقی حکومت نے بھی اس روز عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں میلاد جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کی تیاریاں جاری ہیں۔ مختلف علاقوں میں عاشقان رسول ﷺ نے گلی محلوں اور بازاروں کو سبز پرچموں اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجانا شروع کردیا ہے۔

پنجاب میں عید میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں اور محافل کے لیے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو جامع سکیورٹی پلان تیار کرنے اور جلوسوں اور اجتماعات کے اختتام تک اہلکاروں کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایات دی ہیں۔

راولپنڈی میں مرکزی میلاد جلوسوں کے ساتھ تقریباً تین ہزار محلوں میں میلاد کمیٹیوں کے دفاتر قائم کرنے کی تیاریاں کی گئی ہیں، جبکہ جلوسوں کی نگرانی کے لیے پانچ سو سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔ جلوسوں کے راستوں پر استقبالیہ کیمپ، سبیلیں اور لنگر کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

لاہور میں بھی 11 اور 12 ربیع الاول کو درجنوں میلاد جلوس نکالنے کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق دونوں روز مجموعی طور پر 71 جلوس نکالے جائیں گے، جبکہ 12 ربیع الاول کو سکیورٹی کے لیے سات ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کرنے کا منصوبہ ہے۔ ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز اور موٹربائیک ایمبولینسز بھی الرٹ رہیں گی۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی عید میلادالنبی ﷺ کے مرکزی جلوسوں اور اجتماعات کے لیے سکیورٹی، ٹریفک، صفائی اور شہری سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ کو مربوط سکیورٹی پلان پر عمل درآمد جبکہ متعلقہ اداروں کو جلوسوں کے راستوں پر بجلی، پانی، صفائی اور دیگر سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

خیبرپختونخوا میں یکم سے 12 ربیع الاول تک عشرۂ رحمت للعالمین ﷺ منایا جا رہا ہے۔ صوبائی سطح پر سیرت النبی ﷺ کانفرنس سمیت مختلف مذہبی اور علمی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں سیرت طیبہ اور حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

ملک بھر میں 12 ربیع الاول کے روز مرکزی میلاد جلوس نکالے جائیں گے، جن میں علماء، مشائخ، مذہبی تنظیموں کے کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ مختلف مقامات پر نعت خوانی، درود و سلام، قرآن خوانی، سیرت النبی ﷺ کی محافل، لنگر اور سبیلوں کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جلوسوں کے روٹس کی نگرانی، ٹریفک کی روانی، صفائی، روشنی اور ہنگامی طبی امداد کے انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں تاکہ جشن عید میلادالنبی ﷺ کے اجتماعات اور جلوس پرامن ماحول میں منعقد کیے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں