وٹکوف اور کشنر کا دورہ ماسکو مؤخر، اگست کے اختتام سے قبل آمد کا امکان کم

ماسکو(وائس آف رشیا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر کا ماسکو کا متوقع دورہ مؤخر ہوگیا ہے۔

روسی خبر رساں ادارے کے مطابق وٹکوف اور کشنر کے اگست کے اختتام سے قبل ماسکو پہنچنے کا امکان کم ہے۔

ذرائع کے مطابق دورے کو مؤخر کرنے کی وجوہات موجود ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں اور نہ ہی دورے کی کوئی نئی تاریخ سامنے آئی ہے۔

اس سے قبل اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر اگست کے اختتام تک کیف اور ماسکو کا دورہ کرسکتے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف بھی اس ممکنہ دورے کے حوالے سے کہہ چکے ہیں کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن امریکی صدر کے نمائندوں سے دوبارہ ملاقات کے لیے تیار ہیں۔

تاہم سرگئی لاوروف نے واضح کیا تھا کہ اہم بات یہ ہوگی کہ امریکی نمائندے ماسکو کے دورے کے دوران اپنے ساتھ کون سی تجاویز لے کر آتے ہیں۔

فی الحال امریکی نمائندوں کے ماسکو کے دورے کی نئی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں