روس اور امریکا کے درمیان نئے رابطوں کی تیاری، ملاقات کی تاریخ طے کی جا رہی ہے، ماریہ زخارووا

ماسکو(وائس آف رشیا): روس اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں موجود مسائل اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان آئندہ رابطے کی تاریخ طے کرنے کے لیے مشاورت جاری ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ ماسکو واشنگٹن کے ساتھ بامقصد مذاکرات جاری رکھنے کے لیے تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی مسائل کے حل کی جانب پیش رفت کی جاسکے اور روس امریکا تعلقات کو معمول پر لانے کی بنیاد فراہم کی جا سکے۔

ماریہ زخارووا کے مطابق 23 جولائی کو روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ہونے والی بات چیت میں اس عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں موجود مسائل سے متعلق آئندہ ملاقات کی تاریخ اس وقت طے کی جا رہی ہے، تاہم اس نوعیت کی ملاقاتوں کی تفصیلات پیشگی طور پر عام نہیں کی جاتیں۔

ماریہ زخارووا کا کہنا تھا کہ امریکی فریق کے ساتھ ایک باہمی مفاہمت کے تحت ان ملاقاتوں کے انتظامی اور دیگر معاملات کو منظر عام پر نہیں لایا جاتا کیونکہ ماسکو سمجھتا ہے کہ اس فارمیٹ میں مذاکرات خاموشی سے جاری رکھنا زیادہ مؤثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ روسی اور امریکی صدور کی ہدایت پر فروری 2025 میں روسی وزارت خارجہ اور امریکی محکمہ خارجہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں موجود مسائل دور کرنے کے لیے مذاکراتی عمل شروع کیا گیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اس معاملے پر باقاعدگی سے رابطے ہوتے رہے ہیں۔

ماریہ زخارووا کے مطابق روس چاہتا ہے کہ مذاکرات کا دائرہ صرف سفارت خانوں اور سفارتی مشنز کے کام سے متعلق تکنیکی معاملات تک محدود نہ رہے بلکہ ایسے اہم معاملات پر بھی پیش رفت ہو جو دونوں ممالک کے تعلقات کی بحالی میں نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روس کی اہم ترجیحات میں امریکا میں تحویل میں لی گئی روسی سفارتی املاک کی واپسی اور روس اور امریکا کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں کی بحالی شامل ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق سفارتی مشنز کی مکمل سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے کچھ پیش رفت ضرور ہوئی ہے، تاہم مذاکراتی عمل طویل ہونے اور دونوں ممالک کے مؤقف میں اختلافات کے باعث روسی سفارت خانے اور قونصل خانوں کا کام ابھی مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکا۔

ماریہ زخارووا نے کہا کہ روس اور امریکا کے درمیان کھوئے ہوئے اعتماد کی بحالی کے لیے بھی کام کرنے کی ضرورت ہے اور ماسکو امریکی فریق کے ساتھ اس سمت میں بات چیت جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں