واشنگٹن (وائس آف رشیا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اس ہفتے یا آئندہ ہفتے کے آغاز میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ٹیلی فون پر گفتگو کریں گے۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے واضح کیا کہ یہ رابطہ یقینی طور پر ہوگا اور اس کا مقصد یوکرین تنازع کے حل کے لیے پیش رفت کرنا ہے۔
خیال رہے کہ 7 ستمبر کو بھی ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ آئندہ چند دنوں میں روسی صدر سے بات کریں گے، جب کہ اس سے قبل 4 ستمبر کو انہوں نے جلد گفتگو کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔
یاد رہے کہ 15 اگست کو ٹرمپ اور پوتن کی ملاقات الاسکا کے ایک فوجی اڈے پر ہوئی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور یوکرین تنازع پر تفصیلی بات چیت کی تھی۔ ملاقات کے بعد صدر پیوٹن نے کہا تھا کہ یوکرین مسئلے کے حل کو مرکزی موضوع بنایا گیا، ساتھ ہی انہوں نے امریکہ کے ساتھ تعلقات میں نیا باب کھولنے اور تعاون کی بحالی کی خواہش ظاہر کی۔ پیوٹن نے ٹرمپ کو ماسکو کے دورے کی دعوت بھی دی تھی۔









