یورپی یونین نے ٹرمپ کی چین و بھارت پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز مسترد کر دی، وال اسٹریٹ جرنل

نیویارک (وائس آف رشیا) یورپی یونین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے چین اور بھارت سے درآمد ہونے والی بعض اشیاء پر بھاری ٹیکس لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق یورپی حکام نے واضح کیا ہے کہ یورپی یونین محصولات کو بطور پابندی استعمال نہیں کرتی۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے یہ مطالبہ واشنگٹن میں امریکی اور یورپی حکام کی ایک میٹنگ کے دوران کیا، جس کا مقصد روس پر دباؤ بڑھانا تھا تاکہ بھارت کی جانب سے روسی تیل کی خریداری اور چین کی روسی معیشت کو حاصل معاونت کو محدود کیا جا سکے۔

اس وقت یورپی یونین روس کے خلاف اپنی 19ویں پابندیوں کے پیکیج کی تیاری کر رہی ہے، جس میں چند غیر ملکی کمپنیوں کو نشانہ بنایا جائے گا جن پر الزام ہے کہ وہ ماسکو کی مدد کر رہی ہیں۔ تاہم، یورپی سفارتکاروں کے مطابق تیل اور گیس کی درآمدات پر مزید قدغن لگنے کا امکان نہیں کیونکہ اس معاملے پر رکن ممالک کے درمیان شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔

قبل ازیں فنانشل ٹائمز نے رپورٹ کیا تھا کہ یورپی یونین چین اور دیگر ممالک کے خلاف روسی تیل و گیس کی خریداری کے معاملے پر پابندیاں لگانے پر غور کر رہی ہے۔ تین سفارتی ذرائع کے مطابق حالیہ مذاکرات میں چین کے خلاف ثانوی پابندیوں کا معاملہ بار بار اٹھایا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں