استنبول(وائس آف رشیا) ترک نائب صدر جودت یلماز نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی ملاقات استنبول میں ممکن ہے۔
یلماز نے ترک نشریاتی ادارے “حابرتُرک” کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ “زیلنسکی اور پوتن کی استنبول میں ملاقات ہو سکتی ہے، کیوں نہیں؟”
انہوں نے یاد دلایا کہ استنبول پہلے بھی روس۔یوکرین براہِ راست مذاکرات کے تین دور کی میزبانی کر چکا ہے۔ یلماز کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان مسلسل اس تنازعے کے حل کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
ترک نائب صدر نے کہا کہ “اردوان وہ رہنما ہیں جن پر دونوں فریق بھروسہ کرتے ہیں۔ بحیرہ اسود اناج معاہدہ اور قیدیوں کے تبادلے جیسے ٹھوس نتائج حاصل ہوئے۔ ترکی ہمیشہ اس تنازعے کے حل کے لیے ایک متبادل پلیٹ فارم ہے۔”
یاد رہے کہ ترک صدر اردوان بارہا اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ یوکرین کے مسئلے پر قیامِ امن کے لیے آمادہ ہیں اور دونوں رہنماؤں کی ملاقات ترکی میں کرانے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب، روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے 22 اگست کو واضح کیا تھا کہ اس وقت پوتن اور زیلنسکی کی ملاقات کے کوئی منصوبے موجود نہیں ہیں۔ ان کے مطابق صدر پوتن اس وقت ہی ایسی ملاقات کے لیے تیار ہوں گے جب اس کا کوئی واضح ایجنڈا طے پا جائے۔









