ماسکو(وائس آف رشیا) روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے کہا ہے کہ اگر یورپی یونین روسی سفارتکاروں کی آزادانہ نقل و حرکت پر پابندی لگاتا ہے تو ماسکو بھی اسی طرز کے اقدامات کرے گا۔
چیک وزیرِ خارجہ یان لیپاؤسکی نے اعلان کیا تھا کہ یورپی یونین کے انیسویں پیکج آف سینکشنز میں یہ تجویز شامل ہو سکتی ہے کہ روسی سفارتکاروں کو شینگن زون کے اندر آزادانہ گھومنے کی اجازت نہ ہو۔
زاخارووا نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے مشہور سوویت شاعر و گلوکار ولادیمیر ویسوٹسکی کا حوالہ دیا اور کہاکہ “جیسا کہ ویسوٹسکی نے کہا تھا، ان کے سفارتکار بھی ‘کَسے اور باندھے جائیں گے’۔”
ترجمان نے واضح کیا کہ ماسکو ماضی میں بھی یہ مؤقف رکھتا آیا ہے کہ اگر یورپی یونین نے روسی سفارتکاروں پر نقل و حرکت کی پابندی لگائی تو روس بھی جوابی اقدامات کرنے پر مجبور ہوگا۔
اب تک یورپی یونین نے یہ اقدام عملی طور پر نافذ نہیں کیا، تاہم مشرقی یورپی اور بالٹک ممالک بار بار اس تجویز کو سامنے لاتے رہے ہیں۔









