روس کی ڈاک سروس کا اعلان، امریکہ کو سامان والے پارسل بھیجنا بند

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی پوسٹ نے اعلان کیا ہے کہ 26 اگست سے امریکہ کو سامان والے پارسل بھیجنے کا عمل بند کر دیا گیا ہے۔ اس کی وجہ امریکی حکومت کی جانب سے ڈیوٹی فری نظام کا خاتمہ اور درآمدی محصولات کا نفاذ ہے۔

روسی پوسٹ کے مطابق، امریکہ کو صرف خطوط اور ڈاک بھیجے جاتے رہیں گے، البتہ سامان پر مشتمل پارسل اس وقت بھیجنا ممکن نہیں ہوگا۔

امریکی حکام کے نئے حکم نامے کے تحت، 29 اگست سے تمام ممالک کے لیے ڈیوٹی فری سہولت ختم کر دی جائے گی اور ہر پارسل پر کسٹم ڈیوٹی عائد ہوگی۔

روسی پوسٹ نے کہا کہ “اس روٹ پر فضائی ترسیل ممکن نہ ہونے کے باعث، روسی پوسٹ 26 اگست سے امریکہ کو سامان والے پارسل کی ترسیل عارضی طور پر معطل کر رہی ہے۔ تاہم ڈاک کا تبادلہ جاری رہے گا۔”

ادارے کے مطابق، تمام فضائی کیریئرز پہلے ہی امریکہ کو سامان کی ترسیل روک چکے ہیں کیونکہ امریکی کسٹمز میں محصولات کی ادائیگی کے طریقہ کار پر ابہام موجود ہے۔

روسی پوسٹ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ جلد از جلد امریکہ کے ساتھ سامان کے ڈاک تبادلے کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں