اسلام آباد (وائس آف رشیا) پاکستان اور روس کراچی میں نئی اسٹیل مل کے قیام پر متفق ہوگئے جبکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
وفاقی وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان اور روس کے نمائندے ڈینس نازروف کی ملاقات اسلام آباد میں ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق آج ایک اہم ملاقات میں روس کے نمائندے ڈینس نازروف نے وزیراعظم پاکستان کے خصوصی معاون ہارون اختر خان سے ملاقات کی، جس کا مرکزی موضوع پاکستان میں نئی اسٹیل ملز کا قیام تھا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے پاکستان اور روس کے درمیان کراچی میں نئی اسٹیل مل کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی، دونوں ممالک نے اس منصوبے کو آگے بڑھانے اور اس پر عمل درآمد کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران ہارون اختر خان نے وزیراعظم کے وژن کو اجاگر کیا جس کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے بہترین موقع ہے اور پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر خود کو ایک محفوظ اور مستحکم سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر پیش کیا ہے۔
مزید برآں، ہارون اختر خان نے پاکستان اور روس کے درمیان اسٹیل کی صنعت میں شاندار تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی، جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک محفوظ اور ترقی پزیر سرمایہ کاری کا مرکز ہے اور عالمی برادری نے اس کی صلاحیت کو تسلیم کیا ہے، انہوں نے روس کے تمام کاروباری افراد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت بھی دی۔
اس ملاقات نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں ایک اہم قدم اٹھایا ہے اور اسٹیل کی پیداوار جیسے اہم شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے لیے نئی راہیں کھولی ہیں۔









