مظفرآباد(وائس آف رشیا) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے اپنی فضائی حدود سے بہاولپور، کوٹلی، مظفرآباد میں میزائل داغے ہیں اور بلااشتعال بزدلانہ حملہ کیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل احمد شریف نے کہا کہ اب سے کچھ دیر پہلے بزدل دشمن ہندوستان نے پاکستان میں مسجد سبحان اللہ بہاولپور احمد پور ایسٹ کے علاقے میں، کوٹلی اور مظفر آباد میں تین جگہ فضا سے میزائل داغے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فضائیہ کے جہاز ہمہ وقت تیار ہیں، بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا ہے، جو بلااشتعال اور شرم ناک حملہ ہے اور یہ اپنی فضائی حدود کے اندر سے کیا ہے۔
میجرجنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت نے یہ حملہ اپنی فضائی حدود سے کیا ہے لیکن انہیں ہماری حدود میں داخل ہونے اور پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان حملوں سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور پاکستان اس کا جواب اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر دےگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ شرم ناک اشتعال انگیزی ہے اور اس کو جواب کے بغیر جانے نہیں دیا جائے گا، بھارت نے اس وقت بلااشتعال اور بزدلانہ حملہ کرکے جو عارضی خوشی حاصل کی ہے، اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے میں اب تک ایک معصوم بچہ شہید جبکہ ایک خاتون سمیت دو شہری شدید زخمی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں معصوم پاکستانیوں کو بزدلانہ حملے میں نشانہ بنایا ہے جبکہ پاکستان کی طرف سے جوابی کارروائی شروع ہو چکی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستانی فضائیہ اور پاک فوج بھارتی بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، معصوم پاکستانیوں کے خون کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ابھی تک جو نقصان کا تخمینہ سامنے آیا ہے اس کے مطابق صرف سویلین اور معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اورتصویروں میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کے صرف معصوم اور نہتے پاکستانیوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ ایک ایک معصوم پاکستانی کے خون کا بدلہ لیا جاے گا۔









