امریکی فضائی نظام خرابی کے گھنٹوں بعد بحال، سائبر حملہ نہیں ہوا: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکہ کا فضائی نظام خرابی کے گھنٹوں بعد بحال ہو گیا ہے، اور حکام نے کہا ہے کہ یہ سائبر حملہ نہیں تھا۔

وفاقی ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے جمعے کی دوپہر تقریباً چار بجے ملک بھر میں پروازوں پر پابندی لگا دی تھی، جب فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز میں ریڈار اور مواصلاتی نظام میں خرابی پیدا ہوئی۔ مسئلہ سہ پہر 3 بج کر 36 منٹ پر شروع ہوا تھا۔

وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے اعلان کیا کہ امریکی فضائی حدود رات 8 بج کر 15 منٹ پر دوبارہ کھول دی گئیں، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ پروازیں آہستہ آہستہ بحال ہوں گی اور معمول پر آنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔

فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق 6,600 سے زائد پروازیں منسوخ اور 8,600 تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ 827 پروازوں کو دوسرے ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دیا گیا۔ یہ 11 ستمبر 2001 کے بعد ملک بھر میں پروازوں پر پابندی کا دوسرا موقع ہے۔

ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سیکریٹری مارکوین ملن نے کہا کہ اب تک سائبر حملے یا دانستہ کارروائی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ انتظامیہ کے مطابق نیا نظام پرانے نظام پر بوجھ بن گیا تھا، جس سے مواصلاتی اور ریڈار میں وقفے وقفے سے خرابی پیدا ہوئی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں ڈفی اور ملن سے ملاقات کر کے صورتحال پر بات چیت کی۔

ویڈیو دیکھیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں