یوکرینی فوج کی جانب سے شہری گاڑیوں کو باقاعدگی سے نشانہ بنایا جارہا ہے، رواں سال تقریباً 380 مسافر بسوں پر حملوں میں 81 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے، روسی حکام
لوگانسک (وائس آف رشیا): روسی فوجی ماہر آندرے ماروچکو نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے یوکرینی فوج کو روس کے مختلف علاقوں میں مسافر بسوں پر حملے کرنے کے احکامات دیے ہیں۔
روسی فوجی ماہر آندرے ماروچکو نے اتوار کو اپنے بیان میں کہا کہ یوکرین کی فوجی اور سیاسی قیادت کی جانب سے شہری گاڑیوں پر حملوں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہری گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات محض اتفاق نہیں ہیں بلکہ ان کے پیچھے منظم احکامات موجود ہیں۔
آندرے ماروچکو نے الزام عائد کیا کہ یوکرینی صدر زیلنسکی منظم انداز میں دہشت گردانہ کارروائیوں اور پرامن شہریوں کو خوفزدہ کرنے کے احکامات جاری کرتے رہے ہیں۔
اس سے قبل رواں ہفتے روسی وزارت خارجہ کے خصوصی ذمہ داریوں کے سفیر رودیون میروشنک نے کہا تھا کہ یورپی یونین کی جانب سے یوکرین کو حملہ آور ڈرون خریدنے کے لیے 90 ارب یورو کا قرض فراہم کیے جانے کے بعد روس میں مسافر بسوں پر یوکرینی حملوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
روسی سفارت کار رودیون میروشنک کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک یوکرینی فوج روس میں تقریباً 380 مسافر بسوں کو نشانہ بناچکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان حملوں کے نتیجے میں 81 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
رودیون میروشنک نے مسافر بسوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں یوکرینی حکومت کی جانب سے جاری دہشت گردانہ جنگ میں دانستہ اور منظم کارروائیوں کا سلسلہ قرار دیا۔









