یوکرین کو بندرگاہوں کی تقریباً چار ماہ سے بندش کے باعث 7 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان

اوڈیسا، چرنومورسک اور یوژنی کی بندرگاہوں پر تجارتی بحری جہازوں کی آمدورفت معطل، اکتوبر میں زرعی برآمدات مقررہ ہدف کے تقریباً نصف تک محدود

ماسکو (وائس آف رشیا): یوکرین کو اوڈیسا ریجن کی بندرگاہوں کی تقریباً چار ماہ سے جاری بندش کے باعث غیر ملکی زرمبادلہ کی آمدنی میں 7 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے۔

14 نومبر کو سامنے آنے والے رپورٹس کے مطابق اوڈیسا ریجن کی بندرگاہوں کی طویل بندش سے یوکرین کی برآمدات اور غیر ملکی زرمبادلہ کی آمدنی شدید متاثر ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق تجارتی بحری جہاز اب بھی اوڈیسا، چرنومورسک اور یوژنی کی بندرگاہوں کا رخ کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ ان بندرگاہوں پر صرف یوکرینی مسلح افواج سے وابستہ بحری جہاز پہنچ رہے ہیں۔

دوسری جانب سمندری تجارت کو یوکرین کی دریائے ڈینیوب پر واقع ازمائل بندرگاہ اور رومانیہ کی کونسٹانتا بندرگاہ کے ذریعے منتقل کیا جارہا ہے۔

تاہم یہ دونوں بندرگاہیں مجموعی طور پر اس برآمدی سامان کے ایک تہائی سے زیادہ حصے کو سنبھالنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں جو پہلے اوڈیسا ریجن کی بندرگاہوں سے بھیجا جاتا تھا۔

رپورٹ کے مطابق بندرگاہوں کی بندش کے نتیجے میں یوکرین اکتوبر کے دوران اپنی منصوبہ بند زرعی برآمدات کا صرف تقریباً نصف حصہ ہی برآمد کرسکا۔

اسی طرح فولاد سازی کے کارخانوں کی بندش کے باعث ستمبر کے آخر میں دھات سازی کی مصنوعات کی برآمدات مکمل طور پر رک گئیں۔

زرعی اور دھات سازی کی مصنوعات مجموعی طور پر یوکرین کی کل برآمدات کا تقریباً 65 فیصد حصہ تھیں، جن سے ملک کو سالانہ 26 ارب ڈالر کی غیر ملکی زرمبادلہ آمدنی حاصل ہوتی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یوکرین نے ریلوے نیٹ ورک اور دریائے ڈینیوب کی بندرگاہوں کے ذریعے برآمدات جاری رکھ کر اپنے نقصانات میں کسی حد تک کمی کی ہے، تاہم یہ کمی محدود رہی ہے۔

اگست میں یوکرین کو برآمدات متاثر ہونے کے باعث روزانہ تقریباً 7 کروڑ ڈالر کا نقصان ہورہا تھا، جبکہ ستمبر سے نومبر کے دوران یومیہ نقصان کم ہوکر 5 کروڑ سے 6 کروڑ ڈالر کے درمیان آگیا۔

رپورٹ کے مطابق یوکرین کے اوڈیسا ریجن کی بندرگاہیں 22 جولائی سے بند ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں