یوکرین کی امداد سے متعلق یورپی یونین کے دیگر ممالک کے فیصلوں میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے، تاہم مزید مالی ذمہ داریاں اٹھانے کی گنجائش نہیں، وزیراعظم رومن رادیف
صوفیہ (وائس آف رشیا): بلغاریہ کے وزیراعظم رومن رادیف نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک اب اپنے فوجی ذخائر سے یوکرین کو ہتھیار اور گولہ بارود فراہم نہیں کرے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری اپنے بیان میں بلغاریہ کے وزیراعظم رومن رادیف نے کہا کہ بلغاریہ کی حکومت کا مؤقف ہے کہ ملکی فوج کے ذخائر سے یوکرین کو ہتھیاروں اور گولہ بارود کی فراہمی مزید نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلغاریہ یوکرین کو امداد فراہم کرنے سے متعلق یورپی یونین کے رکن ممالک کے فیصلوں میں رکاوٹ ڈالنے کا ارادہ نہیں رکھتا، تاہم ملک مزید مالی ذمہ داریاں برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا۔
بلغاریہ کے وزیراعظم نے مزید کہا کہ ان کا ملک یوکرین کی حمایت کرنے والے ممالک کے اتحاد ’’کولیشن آف دی ولنگ‘‘ کے زیر اہتمام فوجی مشقوں میں بھی حصہ نہیں لے گا۔
رومن رادیف کے مطابق اس نوعیت کے غیر رسمی مشن یورپی یونین اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے اتحاد کو کمزور کرتے ہیں۔
بلغاریہ کے وزیراعظم اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ ان کا ملک یوکرین کے لیے قرضوں کی فراہمی میں مالی وسائل مختص نہیں کرسکتا۔
انہوں نے اپنے سابقہ بیان میں کہا تھا کہ بلغاریہ نے کبھی یوکرین کی حمایت بند نہیں کی۔
رومن رادیف کے مطابق بلغاریہ ہزاروں یوکرینی خاندانوں کو مفت امداد فراہم کررہا ہے، یوکرین کو بجلی فراہم کرتا ہے اور وہاں بجلی کے نظام اور ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی مرمت میں بھی مدد کررہا ہے۔
بلغاریہ کے وزیراعظم نے کہا کہ ان کا ملک اس وقت ضرورت سے زیادہ بجٹ خسارے کا سامنا کررہا ہے اور اس سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ اپنا مالیاتی خسارہ تین فیصد کی مقررہ حد کے اندر رکھے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان معاشی حالات میں بلغاریہ کے پاس یوکرین کے لیے مزید مالی وسائل موجود نہیں ہیں۔









