یورپی خبر رساں اداروں کا اتحاد روس کے خلاف عسکری جنون کا شکار ہوگیا، روسی وزارت خارجہ

روسی خبر رساں ادارے کی رکنیت ختم کرکے یورپی اتحاد نے ثابت کردیا کہ وہ آزادی صحافت کے اصولوں کا تحفظ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، ماریہ زخارووا

ماسکو (وائس آف رشیا): روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ یورپی خبر رساں اداروں کے اتحاد (EANA) نے روسی خبر رساں ادارے کو اپنی رکنیت سے خارج کرنے کا فیصلہ کرکے عسکری جنون کا شکار ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ماریہ زخارووا نے کہا کہ اس مرتبہ یورپی خبر رساں اداروں کے اتحاد کی قیادت بھی اس عسکری جنون سے خود کو الگ نہیں رکھ سکی جس کی جانب یورپی یونین کا حکمران طبقہ اسے دھکیل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے ذریعے اتحاد کی قیادت نے کیف میں موجود دہشت گردوں اور قاتلوں کے گروہ کو خوش کرنے کے لیے روس کے ساتھ کشیدگی بڑھانے کی پالیسی سے اپنی وفاداری کا رسمی اظہار کیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق روسی خبر رساں ادارے کو اتحاد سے خارج کرکے یورپی خبر رساں اداروں کے اتحاد نے ثابت کردیا ہے کہ وہ آزادی صحافت کے تحفظ کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

ماریہ زخارووا نے مزید کہا کہ اس اتحاد نے ظاہر کردیا ہے کہ وہ اپنے ہی دستور میں درج اصولوں کی پاسداری کرنے سے قاصر ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان اصولوں میں آزادی صحافت کی حمایت، یورپی ذرائع ابلاغ کے اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور ان کے مفادات کا تحفظ کرنا شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں