کراچی:(وائس آف رشیا) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھارتی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کی موسیقی اور عالمی مقبولیت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اپنا پسندیدہ پنجابی گلوکار قرار دے دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں وسیم اکرم سے ان کے پسندیدہ پنجابی گلوکار کے بارے میں پوچھا گیا۔ سابق کرکٹر نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے دلجیت دوسانجھ کا نام لیا اور ان کی خوب تعریف کی۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ دلجیت کی موسیقی شاندار ہے اور وہ دنیا کے بڑے ستاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق دلجیت دوسانجھ نے عالمی سطح پر جو کامیابی اور پذیرائی حاصل کی ہے، وہ اس کے حقدار ہیں۔
وسیم اکرم کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے مثبت ردعمل دیا۔ متعدد صارفین نے پاکستان اور بھارت کی ان دونوں معروف شخصیات کے درمیان باہمی احترام کو سراہا۔
دلجیت دوسانجھ گزشتہ چند برسوں میں ایک مقبول پنجابی فنکار سے عالمی سطح پر پہچانے جانے والے گلوکار اور تفریحی شخصیت بن گئے ہیں۔ ان کے پنجابی گانوں، پُرجوش اسٹیج پرفارمنس اور منفرد فیشن اسٹائل نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کی بڑی تعداد پیدا کی ہے۔









