آسیان کے سیکریٹری جنرل روس کا دورہ کریں گے، ماسکو میں افغانستان اور وسطی ایشیا کی سلامتی پر کانفرنس بھی ہوگی

ماسکو:(شاہد گھمن) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ آسیان کے سیکریٹری جنرل کاؤ کم ہورن، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کی دعوت پر 12 سے 15 اکتوبر تک روس کا ورکنگ دورہ کریں گے۔

ماریہ زخارووا کے مطابق سیکریٹری جنرل آسیان کا دورہ رواں سال منائی جانے والی روس اور آسیان تعلقات کی 35ویں سالگرہ کی اہم تقریبات میں شامل ہوگا۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور آسیان کے سیکریٹری جنرل کے درمیان مذاکرات 13 اکتوبر کو ہوں گے۔ ملاقات میں 17 اور 18 جون کو کازان میں منعقدہ روس آسیان خصوصی سربراہی اجلاس میں طے کیے گئے اہداف پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔

مذاکرات میں روس اور آسیان کے درمیان اسٹریٹجک مکالمے کو آگے بڑھانے، بین الاقوامی اور علاقائی پلیٹ فارمز پر رابطہ مضبوط بنانے اور ایشیا بحرالکاہل خطے میں استحکام، غذائی تحفظ اور توانائی کی سلامتی یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

فریقین نئے چیلنجز اور خطرات کے خلاف مشترکہ اقدامات، تجارت، معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے علاوہ سماجی و ثقافتی روابط اور نوجوانوں کے تبادلوں کے فروغ پر بھی گفتگو کریں گے۔

ماریہ زخارووا نے مزید بتایا کہ روس کی اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم، سی ایس ٹی او، کی صدارت کے پروگرام کے تحت 15 اور 16 اکتوبر کو ماسکو میں وسطی ایشیا اور افغانستان کی سلامتی سے متعلق کانفرنس منعقد ہوگی۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کانفرنس کے مرکزی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس میں سی ایس ٹی او، دولت مشترکہ اور شنگھائی تعاون تنظیم کے اعلیٰ حکام، رکن ممالک کے نمائندے، روسی اور غیر ملکی ماہرین، سفارتی مشنز اور علمی اداروں سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق کانفرنس میں علاقائی سلامتی، موجودہ چیلنجز اور خطرات کے مقابلے، مختلف علاقائی و بین الاقوامی پلیٹ فارمز کے درمیان تعاون مضبوط بنانے اور مؤثر عملی تجاویز تیار کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں