یوکرین تنازع وسیع اور زیادہ خطرناک علاقائی جنگ میں تبدیل ہوسکتا ہے، مارکو روبیو

میڈرڈ:(وائس آف رشیا) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین میں جاری لڑائی شدت اختیار کرکے ایک وسیع اور کہیں زیادہ خطرناک علاقائی جنگ میں تبدیل ہوسکتی ہے۔

پرتگال کے دارالحکومت لزبن کے دورے کے دوران پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ یوکرین کی جنگ انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور اس وقت بظاہر تعطل کا شکار ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کے مطابق جنگ میں پیدا ہونے والا تعطل خطرناک ہوتا ہے اور عمومی طور پر اس کے خاتمے کے صرف دو راستے ہوتے ہیں۔ پہلا راستہ مذاکرات کے ذریعے ایسا سمجھوتہ ہے، جس میں امن حاصل کرنے کے لیے دونوں فریقوں کو کچھ نہ کچھ رعایت دینا پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرا راستہ کشیدگی میں اضافہ ہے، جس میں ایک یا دونوں فریق تعطل توڑنے اور مخالف فریق پر دباؤ بڑھانے کے لیے اپنی کارروائیاں تیز کردیتے ہیں۔

مارکو روبیو نے خبردار کیا کہ ایسی صورتِ حال دو ممالک کے درمیان جاری جنگ کو زیادہ وسیع اور انتہائی خطرناک علاقائی تنازع میں تبدیل کرسکتی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ واشنگٹن مذاکرات کے ذریعے تصفیے میں سہولت فراہم کرنے اور یوکرین تنازع ختم کرانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں