نیویارک: (وائس آف رشیا) وینزویلا کے معزول صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس نے نیویارک کی وفاقی عدالت میں پیشی کے دوران اپنے خلاف عائد نئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا ہے۔
نیویارک کے سدرن ڈسٹرکٹ کی وفاقی عدالت میں سماعت کے دوران نکولس مادورو سے الزامات کے بارے میں مؤقف پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف لگائے گئے الزامات جھوٹے ہیں۔
امریکی ڈسٹرکٹ جج ایلون ہیلرسٹین نے مادورو سے دوبارہ پوچھا کہ آیا وہ خود کو قصوروار تسلیم کرتے ہیں، جس پر مادورو نے جواب دیا کہ وہ فرد جرم کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ اس کے بعد عدالت نے ریکارڈ میں ان کی جانب سے صحت جرم سے انکار درج کرنے کا حکم دیا۔
مادورو کی اہلیہ سیلیا فلوریس نے بھی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ مکمل طور پر بے قصور ہیں اور انہوں نے کسی جرم کا ارتکاب نہیں کیا۔
سماعت کے دوران استغاثہ نے مقدمے کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز دو ہفتے مؤخر کرنے کی تجویز پیش کی۔
مادورو کے وکیل بیری پولاک نے کہا کہ نئے الزامات کے باعث مجوزہ عدالتی شیڈول پر عمل کرنا مشکل ہوگا، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ دفاعی ٹیم مقررہ وقت کے مطابق تیاری مکمل کرنے کی کوشش کرے گی۔









