پروگریس ایم ایس 35 خلائی کارگو جہاز لے جانے والا سویوز راکٹ بائیکونور سے روانہ

ماسکو:(وائس آف رشیا) پروگریس ایم ایس 35 کارگو خلائی جہاز لے جانے والا سویوز 2.1 بی راکٹ قازقستان میں واقع بائیکونور خلائی مرکز سے کامیابی کے ساتھ روانہ ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سویوز 2.1 بی راکٹ نے بائیکونور خلائی مرکز کے لانچنگ کمپلیکس نمبر 31 سے پرواز کی۔

روس کی سرکاری خلائی کارپوریشن روسکوسموس کے مطابق پروگریس ایم ایس 35 خلائی جہاز 19 ستمبر کو گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 46 منٹ پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے روسی حصے میں قائم ’’پوئسک‘‘ ماڈیول کے قریب پہنچے گا اور اس کے ساتھ منسلک ہوجائے گا۔

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے سامان کی ترسیل کے 95ویں مشن کے تحت پروگریس ایم ایس 35 تقریباً 2.4 میٹرک ٹن سامان خلائی اسٹیشن پہنچائے گا۔

خلائی جہاز کے ذریعے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں دوبارہ ایندھن بھرنے کے لیے 842 کلوگرام ایندھن، 420 کلوگرام پینے کا پانی اور اسٹیشن کی فضا میں آکسیجن کی مقدار پوری کرنے کے لیے 50 کلوگرام آکسیجن پہنچائی جائے گی۔

پروگریس ایم ایس 35 خلائی اسٹیشن پر موجود روسی خلانوردوں کے لیے ایک ہزار 275 کلوگرام خوراک بھی لے کر جا رہا ہے، جس میں تازہ اشیائے خورونوش بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ خلائی جہاز کے ذریعے 357 کلوگرام صفائی اور حفظان صحت کا سامان اور 20 کلوگرام ادویات اور دیگر طبی سامان بھی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچایا جائے گا۔

یہ ادویات اور طبی سامان خلائی ماحول میں بے وزنی کے انسانی جسم پر مرتب ہونے والے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں