پاکستان اپنی صدارت کے دوران علاقائی تنازعات کے حل، افغانستان سے متعلق مشترکہ حکمت عملی اور تجارتی و مواصلاتی راہداریوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، روسی و پاکستانی ماہرین
اسلام آباد:(وائس آف رشیا) پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی 2026-2027 کی صدارت کے دوران علاقائی روابط، سلامتی اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے امکانات پر پاکستانی، روسی اور وسطی ایشیائی ماہرین نے اہم تجاویز پیش کی ہیں۔
کنسورشیم فار ایشیا پیسیفک اینڈ یوریشین اسٹڈیز (CAPES) نے یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے اشتراک سے 26 نومبر کو ایک بین الاقوامی ویبینار کا انعقاد کیا، جس میں یوریشیائی خطے سے تعلق رکھنے والے ممتاز ماہرین اور دانشوروں نے شرکت کی۔ ویبینار کی نظامت ڈاکٹر سندس خضر نے کی۔
قازقستان سے تعلق رکھنے والے تحقیقی ادارے نائٹنگیل انٹرنیشنل کے ڈپٹی چیف ریسرچ آفیسر ایلن الیکیف نے کہا کہ عالمی تجارت میں سمندری نقل و حمل کی بالادستی برقرار رہے گی، تاہم سمندری راستوں میں خلل کی صورت میں زمینی تجارتی راہداریاں انتہائی اہمیت اختیار کرجاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کو زمینی تجارتی راہداریوں کو اس قدر قابل اعتماد بنانے پر توجہ دینی چاہیے کہ بحرانی حالات میں بھی ان سے استفادہ کیا جاسکے۔ انہوں نے چین کے چنگ داؤ میں ایس سی او زون اور ایس سی او ترقیاتی بینک کے قیام کے فیصلے کو اس سلسلے میں اہم پیش رفت قرار دیا۔
روسی اکیڈمی آف سائنسز کے عالمی معیشت اور بین الاقوامی تعلقات کے پریماکوف انسٹی ٹیوٹ (IMEMO RAS) کے ریسرچ فیلو گلیب ماکاریوچ نے جامع اور ناقابل تقسیم علاقائی سلامتی کے نظام کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت کے دوران اس حوالے سے مذاکرات کا آغاز کرسکتا ہے اور تنظیم کے پلیٹ فارم کو اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اختلافات کے حل کے لیے استعمال کرسکتا ہے۔
نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML) کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عائشہ خان نے کہا کہ اقتصادی راہداریاں منڈیوں کو جوڑتی ہیں، جبکہ ثقافتی اور عوامی سفارت کاری معاشروں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے۔ موجودہ کثیر قطبی دنیا میں پاکستان کو دونوں شعبوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ظہیرالدین بابر، الفارابی، مولانا رومی، امیر خسرو اور علامہ محمد اقبال کے حوالے سے خطے کے مشترکہ تاریخی، علمی اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا۔
ڈاکٹر عائشہ خان نے مشرقی علوم اور تحقیق کے شعبے میں روس کے کردار کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی سطح پر محدود آگاہی، زبانوں کا فرق، جغرافیائی سیاسی مسابقت، ویزا نظام، فضائی سفر کے زیادہ اخراجات اور ثقافتی سرگرمیوں میں تسلسل کا فقدان علاقائی روابط کے فروغ میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔
روسی اکیڈمی آف سائنسز کے پریماکوف انسٹی ٹیوٹ کے جونیئر ریسرچ فیلو آرتور مخلیوک نے کہا کہ افغانستان کئی دہائیوں سے روس اور پاکستان کے مفادات میں اختلاف اور اشتراک دونوں کا محور رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس افغانستان کو جنوبی ایشیا کے بجائے وسطی ایشیا کا حصہ تصور کرتا ہے۔ ماسکو کو افغانستان سے شمال کی جانب دہشت گردی، غیر قانونی اسمگلنگ اور سابق سوویت خطے میں عدم استحکام کے خطرات پر تشویش ہے۔
روسی ماہر نے کہا کہ ماسکو اس مؤقف کا حامی ہے کہ علاقائی مسائل بیرونی طاقتوں کے بجائے خطے کے ممالک کو خود حل کرنے چاہئیں۔









