ماسکو:(وائس آف رشیا) صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روس اور چین کے درمیان تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔ صدر ولادیمیر پوتن نے آٹھویں روس چین توانائی کاروباری فورم کے شرکا، منتظمین اور مہمانوں کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ روس اور چین کے درمیان جامع شراکت داری اور اسٹریٹجک تعاون مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔
کریملن کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں صدر ولادیمیر پوتن نے کہاکہ روس اور چین کے درمیان جامع شراکت داری اور اسٹریٹجک تعاون مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔
روسی صدر نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ توانائی روایتی طور پر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے سب سے اہم اور تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں میں سے ایک ہے۔
صدر ولادیمیر پوتن نے کہاکہ چینی صارفین کو تیل اور قدرتی گیس کی فراہمی کے حجم کے لحاظ سے روس مضبوطی کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جبکہ کوئلے اور مائع قدرتی گیس کی برآمدات میں بھی سرکردہ ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین میں روسی ڈیزائن کے تحت تعمیر کیے جانے والے جوہری بجلی گھروں کے متعدد پاور یونٹس کی تعمیر تکمیل کے قریب ہے۔ دونوں ممالک ہائیڈرو کاربن کی تلاش، پروسیسنگ اور نقل و حمل کی استعداد بہتر بنانے اور اسے ماحولیاتی طور پر زیادہ محفوظ بنانے کے لیے تکنیکی اختراعات پر بھی مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔
روسی صدر نے کہا کہ روس چین توانائی کاروباری فورم میں متعلقہ سرکاری اداروں، کاروباری شعبے اور ماہرین کی برادریوں کے نمائندوں کے درمیان باقاعدہ اور براہ راست رابطے بلاشبہ ایندھن اور توانائی کے شعبے کو درپیش اہم مسائل کے فوری حل میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
صدر ولادیمیر پوتن نے امید ظاہر کی کہ موجودہ فورم میں ماہرین کا کام بامقصد اور نتیجہ خیز ہوگا، جبکہ پیش کیے جانے والے خیالات اور اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
صدر ولادیمیر پوتن نے فورم کے شرکا، منتظمین اور مہمانوں کے لیے کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔









