چین کا 5 امریکی کمپنیوں پر پابندیاں لگانے کا اعلان

بیجنگ (وائس آف رشیا) چین نے پانچ امریکی کمپنیوں پر پابندیاں لگانے کا اعلان کر دیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارتِ تجارت نے جنوبی کوریا کی معروف جہاز ساز کمپنی ہانوا اوشن کی امریکا سے منسلک پانچ ذیلی کمپنیوں کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا ہے اور ان کا مقصد امریکا کی جانب سے چین کے بحری، لاجسٹکس اور جہاز سازی کے شعبوں پر کیے گئے سیکشن 301 تحقیقات کے جواب میں کارروائی کرنا ہے۔

وزارت نے بتایا کہ جن امریکی منسلک ذیلی کمپنیوں پر یہ اقدامات لاگو ہوں گے ان میں ہان وا شپنگ ایل ایل سی، ہنوا فلی شپ یارڈ انٹرنیشنل ہان وا اوشن یو ایس اے انٹرنیشنل ایل ایل سی، ہان وا شپنگ ہولڈنگز ایل ایل سی اور ایچ ایس یو ایس اے ہولڈنگز کارپوریشن شامل ہیں۔

چین کی وزارتِ تجارت نے بیان میں واضح کیا ہے کہ چین کے اندر موجود اداروں اور افراد کو ان کمپنیوں کے ساتھ کسی بھی قسم کے لین دین، تعاون یا متعلقہ سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔

پشاور اور کرک میں 5 مقامات پر دہشت گرد حملے، 3 پولیس اہلکار اور 1 ایف سی گارڈ شہید

پشاور (وائس آف رشیا) خیبر پختونخوا کے دو اضلاع پشاور اور کرک میں دہشت گردوں نے مختلف مقامات پر 5 حملے کیے، جس میں 3 پولیس اہلکار اور 1 ایف سی گارڈ شہید ہوئے ہیں، جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کرک میں دہشت گردوں نے تھانہ یعقوب شہید اور تھانہ حرم پر حملے کیے، جس میں پولیس سب انسپکٹر اسلم نور شہید ہوئے۔

کرک میں سوئی گیس آفس پر بھی دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس میں ایف سی اہلکار شہید ہو گیا۔ کرک کے تین مختلف مقامات پر دہشت گردوں نے حملے کیے جن میں تخت نصرتی، خرم محمد اور عیسک خماری گیس فیلڈ ایس این جی ایل کمپنی شامل ہیں۔

ان حملوں میں ایک ایف سی گارڈ اور پولیس اہلکار شہید ہوئے، جبکہ ایک ایف سی اہلکار زخمی ہو گیا۔

پشاور میں تھانہ مچنی گیٹ اور تھانہ خزانہ کے مقامات پر بھی دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔ مچنی گیٹ پر حملے میں پولیس اہلکار نذر علی شہید ہوئے جبکہ پولیس نے فوری جوابی کارروائی کر کے دہشت گردوں کو پسپا کر دیا۔

ایس پی ورسک ڈویژن مختیار علی نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دیں۔

اب تک پانچ دہشت گرد حملوں میں 3 پولیس اہلکار اور ایک ایف سی گارڈ شہید ہوئے ہیں، جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہیں۔

ڈی پی او کرک شہباز الہیٰ کا کہنا تھا کہ کرک کے دو تھانوں پر مسلح افراد کے حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے تھانہ خرم اور تھانہ تخت نصرتی پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا تھا، عیسک خماری گیس ایس ایم ایس پر حملے میں ایک سیکیورٹی گارڈ جبکہ تخت نصرتی میں ایک سب انسپکٹر شہید ہوا۔

ڈی پی او نے کہا کہ مسلح افراد ایک سیکیورٹی گارڈ کو اغوا کر کے لیے گئے تھے جسے مقابلے کے بعد بازیاب کرا لیا گیا۔

شہباز الہیٰ کا کہنا تھا کہ عیسک خماری گیس فیلڈ پر حملہ کرنے والوں کا پیچھا کیا گیا مگر وہ اندھیرے میں فرار ہو گئے، پولیس نے بہادری سے مقابلہ کیا اور بڑے حملوں کو ناکام بنایا۔

ڈی پی او کرک شہباز الہیٰ نے مزید کہا کہ حالات مکمل کنٹرول میں ہیں اور حملہ آوروں کو پسپا کر کے پہاڑوں کی طرف دھکیل دیا گیا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملوں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

جوبائیڈن کا سبکدوشی سے قبل 5 افراد کیلئے عام معافی کا اعلان، ڈاکٹر عافیہ کا نام شامل نہیں

واشنگٹن(وائس آف رشیا) امریکا کے صدر جوبائیڈن نے اپنے دور صدارت کے آخری روز انسانی حقوق کے آنجہانی مارکوس گاروی سمیت 5 افراد کے لیے عام معافی کا اعلان کردیا۔

وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق 1940 میں انتقال کر جانے والے انسانی حقوق کے مشہور رہنما مارکوس گاروی کو بھی عام معافی کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے جنہیں 1923 میں فراڈ کے الزام میں 5 سال قید کی سزا دی گئی ہے تاہم 1927 میں اس وقت کے صدر کیلوین کولیڈج نے معاف کر دیا تھا۔

انسانی حقوق کے ادارے مارکوس گاروی کو پہلے رہنما مانتے ہیں جنہوں نے افریقی نژاد امریکیوں کے حقوق کے لیے منظم تحریک چلائی تھی۔

وائٹ ہاؤس نے بیان میں کہا کہ انہوں نے بلیک اسٹار لائن شپنگ کمپنی بنائی اور یونیورسل نیگرو امپروومنٹ ایسوسی ایشن تشکیل دی جو افریقی تاریخ اور ثقافت کے لیے کام کرتی ہے۔

جوبائیڈن کی جانب سے معافی دی گئی دیگر افراد میں ڈیرل چیمبرز شامل ہیں، جو تخفیف اسلحہ کے وکیل ہیں اور انہیں نان وائیلنس ڈرگ کے کیس میں سزا ہوئی تھی۔

اسی طرح امیگریشن کے وکیل واریداتھ المعروف روی راگبیر جنہیں 2001 میں سزا دی گئی تھی، انہیں بھی معافی دی گئی ہے۔

امریکی صدر نے ڈون لیونارڈ اسکاٹ کو بھی معافی دی ہے، جنہیں نان وائیلنٹ ڈرگ کے کیس میں 1994 میں 10 سال قید کی سزا دی گئی تھی۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ لیونارڈ اسکاٹ 2019 میں ریاست ورجینیا کی اسمبلی میں منتخب ہوگئے تھے اور گزشتہ برس پہلے سیاہ فام اسپیکر بن گئے تھے۔

معافی حاصل کرنے والوں میں کیمبا اسمتھ پراڈیا کا نام بھی ہیں، جو فوجداری مقدمات لڑنے والے وکیل ہیں اور انہیں بھی نان وائیلنٹ ڈرگ کیس میں 1994 میں سزا ہوئی تھی اور انہیں معافی بھی دی گئی تھی۔

جوبائیڈن نے 1990 کی دہائی میں سزا پانے والے دیگر دو افراد کو بھی معافی دی ہے، جن میں روبن پیپلز اور مائیکل ویسٹ شامل ہیں اور ان کے بارے میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے بہترین انداز میں رویے میں تبدیلی لائی ہے۔

خیال رہے کہ جوبائیڈن سے اپنے دور صدارت کے آخری روز روایات کے مطابق ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو بھی رہائی دینے کی درخواست کی گئی تھی، پاکستانی شہری ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی عدالت نے طویل قید کی سزا سنائی ہے اور وہ اس وقت بھی امریکی جیل میں انتہائی بدترین حالات میں قید ہیں۔

بھارت: بے اولاد خاتون کو حاملہ بنائیں، 5 لاکھ حاصل کریں: فراڈ میں ملوث گینگ گرفتار

ممبئی (وائس آف رشیا) بہار پولیس نے فراڈ کا انوکھا طریقہ اپنا کر لوگوں کو لوٹنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا، اسکیم میں ملوث لوگ بے اولاد خواتین کو حاملہ بنانے کے بدلے میں مردوں کو 5 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کرتے تھے۔

بھارتی خبر رساں ادارے انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بہار پولس نے اس گینگ کے خلاف کارروائی کی اور ضلع نوادہ سے 3 لوگوں پرنس راج، بھولا کمار اور راہول کمار کو رفتار کرلیا۔

فراڈ میں ملوث ملزمان ‘آل انڈیا پریگننٹ جاب (بچوں کی پیدائش سروس)’ اور ‘پلے بوائے سروس’ جیسے پروگراموں کی آڑ میں دھندہ چلا رہے تھے اور فون کال کے ذریعے لوگوں کو لالچ دے کر پیسے بٹور رہے تھے۔

پولیس کے مطابق دھوکہ باز مختلف ریاستوں کے لوگوں کو فون یا واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کرتے تھے اور بتاتے تھے کہ ان کا کام ایسی خواتین کو حاملہ کرنا ہے جو بچہ پیدا کرنے سے قاصر ہیں اور اس کے بدلے میں 5 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا، وہ پروسیجر کی ناکامی کی صورت میں اضافی 50 ہزار روپے دینے کی جھوٹی یقین دہانی بھی کراتے تھے۔

متاثرین کی جانب سے دلچسپی ظاہر کرنے کے بعد گروہ 500 روپے سے لے کر 20 ہزار روپے تک آن لائن رجسٹریشن فیس کا مطالبہ کرتا تھا۔

گرفتار ملزمان لوگوں کو پھنسانے کے لیے سرگرم تھے، پولیس نے گرفتار افراد کے قبضے سے 6 اسمارٹ فونز ضبط کرلیے۔

کال ریکارڈ، واٹس ایپ فوٹوز، آڈیو ریکارڈنگ اور ٹرانزیکشن کی تفصیلات سمیت مجرمانہ شواہد حاصل کرنے کے بعد پولیس نے گینگ کے پورے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں