غزہ میں مستقل امن قائم نہ ہوسکا، جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، ماریہ زخارووا

نمائندہ دنیا نیوز شاہد گھمن کے سوالات پر ماریہ زخارووا کے جوابات، غزہ میں اسرائیلی حملوں اور شہری ہلاکتوں پر تشویش، وزیراعظم شہباز شریف کے متوقع دورۂ ماسکو اور پاک روس تعلقات پر بھی گفتگو۔

ماسکو (شاہد گھمن): روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال سے متعلق وزارت خارجہ کا تفصیلی جائزہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے متعلقہ معلومات جلد فراہم کردی جائیں گی۔

ماسکو میں روسی وزارت خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن نے پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دسمبر کے آغاز میں متوقع دورۂ ماسکو اور روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ممکنہ ملاقات کے حوالے سے سوال کیا۔

انہوں نے پوچھا کہ روس وزیراعظم شہباز شریف کے متوقع دورے سے کیا توقعات رکھتا ہے اور تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں کون سے اہم معاہدے تیار کیے جارہے ہیں؟

سوال کے جواب میں ماریہ زخارووا نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے شیڈول اور ان کے ایجنڈے سے متعلق معلومات روسی صدارتی انتظامیہ جلد فراہم کرے گی.

انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کے بارے میں روسی وزارت خارجہ کے جائزے کا تعلق ہے، وہ خوشی سے یہ معلومات فراہم کریں گی اور متعلقہ مواد جلد بھجوا دیا جائے گا۔

اسی بریفنگ میں نمائندہ دنیا نیوز شاہد گھمن نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں اور شہریوں کی ہلاکتوں سے متعلق بھی سوال کیا۔

انہوں نے پوچھا کہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل غزہ میں حملے جاری رکھے ہوئے ہے، جن کے نتیجے میں عام شہری ہلاک اور زخمی ہورہے ہیں۔ روس ان حملوں کے بارے میں کیا مؤقف رکھتا ہے اور تشدد روکنے اور اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی پابندی یقینی بنانے کے لیے کیا اقدامات ضروری ہیں؟

ماریہ زخارووا نے جواب دیا کہ وہ بریفنگ کے آغاز میں غزہ کی صورتحال پر تفصیل سے بات کرچکی ہیں، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، غزہ میں جاری انسانی المیے اور ضروری اقدامات سے متعلق روسی مؤقف پیش کیا گیا ہے۔

بریفنگ کے آغاز میں ماریہ زخارووا نے کہا کہ اکتوبر 2025 میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے بعد غزہ میں جنگ کے شدید مرحلے کا خاتمہ ہوا تھا، تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود معاہدوں پر عملی عمل درآمد میں کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا منصوبہ، جو اس معاہدے کی بنیاد بنا تھا، ابھی تک کاغذوں تک محدود ہے، جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 پر بھی عمل درآمد نہیں ہوسکا۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق غزہ میں مستقل امن قائم نہیں ہوسکا اور جنگ بندی کی منظم خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جارہی ہیں۔ اسرائیلی فوج کی نئی کارروائیوں کی اطلاعات مسلسل سامنے آرہی ہیں، جن کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ماریہ زخارووا نے کہا کہ غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلا اور حماس کو غیر مسلح کرنے جیسے اہم معاملات بدستور حل طلب ہیں۔ غزہ میں بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی اور غزہ کی انتظامی کمیٹی کے مکمل طور پر کام شروع کرنے کے معاملات بھی تعطل کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی صورتحال بدستور تباہ کن ہے۔ پینے کے پانی، خوراک، ایندھن، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت ہے، جبکہ طبی اداروں اور شہری سہولتوں کا نظام تقریباً مکمل طور پر مفلوج ہوچکا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ گنجائش سے زیادہ بھر چکے ہیں اور موسم سرما کی آمد کے پیش نظر وہاں رہائش کے حالات انتہائی خراب ہیں۔

ماریہ زخارووا نے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں انسانی صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی بحال کریں اور تمام ضرورت مند افراد تک خوراک سمیت ضروری امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں