صدر پوتن آج امریکی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے ملاقات کریں گے

ابوظہبی میں روس، امریکہ اور یوکرین کے سہ فریقی مذاکرات کے بعد ماسکو میں اہم ملاقات، صدر پوتن امریکی نمائندوں سے مذاکرات کی تفصیلات سنیں گے، کریملن

ماسکو (شاہد گھمن): روسی صدر ولادیمیر پوتن آج 12 نومبر کو ماسکو میں امریکی صدر کے خصوصی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں روس، امریکہ اور یوکرین کے درمیان ہونے والے سہ فریقی مذاکرات کے ایک روز بعد ہورہی ہے۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے بتایا کہ صدر پوتن کی امریکی نمائندوں سے ملاقات دن کے پہلے حصے میں متوقع ہے۔ انہوں نے ملاقات کے امکان سے متعلق سوال کے جواب میں اس کی تصدیق کی۔

اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر دونوں نے ابوظہبی میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات میں شرکت کی تھی۔ جیرڈ کشنر کے مطابق امریکی مذاکراتی ٹیم ماسکو کے دورے کے بعد کیف جانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔

اسٹیو وٹکوف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یوکرین تنازع کے حل کے لیے امریکی کوششوں میں ابتدائی طور پر واحد نمائندے تھے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران یہ ان کا روس کا دسواں دورہ ہوگا، جبکہ جیرڈ کشنر دوسری مرتبہ روس کا دورہ کررہے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بتایا کہ صدر پوتن پہلے ابوظہبی مذاکرات میں شریک روسی وفد سے بات چیت کی تفصیلات حاصل کریں گے، جس کے بعد وہ امریکی نمائندوں کا جائزہ سنیں گے۔

سرگئی لاوروف کے مطابق ان ملاقاتوں کے بعد صدر پوتن یوکرین تنازع کے تصفیے کے حوالے سے روس کے آئندہ مؤقف کا فیصلہ کریں گے۔

روسی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ روس کا مؤقف خصوصی فوجی آپریشن کے مقاصد کے حصول پر مرکوز رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں