ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ماسکو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز کردہ ڈیزل فراہمی کے معاہدے کی حمایت کی ہے، تاہم یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی روسی توانائی تنصیبات پر حملوں کے لیے مزید ہتھیار مانگ رہے ہیں۔
آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ایشیا میں تعامل اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق کانفرنس کے سربراہی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سرگئی لاوروف نے کہا کہ زیلنسکی نے ڈیزل معاہدے کے بجائے پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے لیے میزائل فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
روسی وزیر خارجہ کے مطابق زیلنسکی روس کی توانائی تنصیبات اور آئل ریفائنریز کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے زیلنسکی کے ردعمل کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے براہ راست اور سخت چیلنج قرار دیا۔
لاوروف نے الزام عائد کیا کہ یوکرینی صدر سمجھتے ہیں کہ پوری دنیا ان کی مدد کی پابند ہے، لیکن وہ خود منصفانہ اور تعمیری اقدامات کرنے کے لیے تیار نہیں۔
روسی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ روس یوکرین میں جاری فوجی آپریشن معطل نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی جنگ بندی قبول نہیں کی جائے گی جس کے دوران یوکرین کو دوبارہ منظم کرکے مزید ہتھیار فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ روس کے فوجی آپریشن کے اہداف واضح ہیں اور ماسکو کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا، جبکہ یوکرین تنازع سے متعلق مغربی ممالک کی پوزیشن مسلسل بدلتی رہی ہے۔
سرگئی لاوروف نے یوکرین سے متعلق مبینہ امن منصوبے پر کہا کہ ماسکو کو اب تک کوئی باضابطہ تجویز موصول نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق روس نے امریکی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی رپورٹس دیکھی ہیں، لیکن سرکاری سطح پر کوئی منصوبہ روس کے حوالے نہیں کیا گیا۔
انہوں نے زیلنسکی کے انتخابی بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ یوکرین میں انتخابات کرانے میں حقیقی دلچسپی نہیں رکھتے اور ایسی شرائط پیش کر رہے ہیں جو قابل قبول نہیں۔
علاقائی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے سرگئی لاوروف نے کہا کہ روس کو آرمینیا اور آذربائیجان کی جانب سے نام نہاد ٹرمپ روٹ منصوبے میں شرکت کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، تاہم تمام فریق روس کی صلاحیت اور تعاون کی آمادگی سے آگاہ ہیں۔
انہوں نے تجویز دی کہ آذربائیجان، آرمینیا، روس، ترکی، ایران اور جارجیا پر مشتمل 3+3 علاقائی فارمیٹ کا آئندہ اجلاس آذربائیجان اور اس کے بعد اگلا اجلاس یریوان میں منعقد کیا جاسکتا ہے۔









