یورپی کمیشن کا 2027 سے روسی شہریوں کے لیے شینگن ویزا قوانین مزید سخت کرنے کا منصوبہ

برسلز:(وائس آف رشیا) یورپی کمیشن روسی شہریوں کے لیے شینگن ویزوں کے اجرا کے قواعد جنوری 2027 سے مزید سخت کرنے کا منصوبہ تیار کر رہا ہے۔

امریکی اخبار پولیٹیکو کے مطابق یورپی کمیشن سالانہ سیاحت کی غرض سے یورپی یونین کے ممالک کا سفر کرنے والے لاکھوں روسی شہریوں کے لیے مزید سخت ویزا قوانین تجویز کرنا چاہتا ہے۔

اخبار نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ اس منصوبے کا ایک مقصد روس کے خصوصی فوجی آپریشن میں حصہ لینے والے تقریباً ساڑھے چھ لاکھ سابق فوجیوں کو یورپی یونین میں داخل ہونے سے روکنا بھی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سویڈن، پولینڈ اور ایسٹونیا نئی پابندیوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ ان ممالک کا مؤقف ہے کہ روسی سیاح یوکرین کے لیے ہتھیار تیار کرنے والی یورپی دفاعی صنعت کے لیے مبینہ طور پر ہائبرڈ خطرہ بن سکتے ہیں۔

ممکنہ پابندیوں کی نوعیت اور ان کے نفاذ کی تفصیلات ابھی منظر عام پر نہیں لائی گئیں۔

یورپی یونین کی ویزا پالیسی براہِ راست یورپی کمیشن کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی، کیونکہ ویزوں کے اجرا سے متعلق بنیادی اختیار رکن ممالک کے پاس ہے۔ یورپی کمیشن صرف ویزا قوانین میں تبدیلی کے لیے سفارشات پیش کر سکتا ہے۔

نئے قواعد کو تمام یورپی ممالک کے لیے لازمی بنانے کے لیے یورپی یونین کی کونسل میں رکن ممالک کے وزرائے داخلہ کی سطح پر متفقہ منظوری درکار ہوگی۔

یوروسٹیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق پابندیوں کے باوجود 2025 میں روسی شہریوں کو جاری کیے جانے والے شینگن ویزوں کی تعداد 2024 کے مقابلے میں 10.2 فیصد اضافے کے ساتھ 6 لاکھ 20 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔

ان میں 4 لاکھ 78 ہزار سیاحتی ویزے شامل تھے، جبکہ باقی ویزے خاندانوں سے ملاقات اور دیگر سفری مقاصد کے لیے جاری کیے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں